خواجہ طارق نذیر نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 245سے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے

کراچی کا امن ،ترقی اور خوشحالی اولین ترجیح ہے ، مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے ،میڈیا سے بات چیت

پیر 11 جون 2018 18:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے سیکرٹری اطلاعات خواجہ طارق نذیر نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 245سے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے ہیں ۔مسلم لیگی رہنما جب کاغذات نامزدگی جمع کرانے پہنچے تو ان کے ہمراہ کارکنوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی ۔اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے خواجہ طارق نذیر نے کہا کہ کراچی کا امن ،ترقی اور خوشحالی مسلم لیگ (ن) کی اولین ترجیح ہے ۔

اس مرتبہ کراچی کے تمام حلقوں میں مخالفین کو ٹف ٹائم دیں گے اور ثابت کریں گے کہ مسلم لیگی کے ترقی ایجنڈے کو ملک بھر کی طرح کراچی کے عوام نے بھی مکمل طور پر قبول کیا ہے ۔انہوںنے کہا کہ ملک کے سب سے بڑے شہر کی حالت زار دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے ۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن) کی وفاقی حکومت نے یہاں کر امن تو لوٹادیا ہے تاہم بنیادی مسائل جوں کے توں موجود ہیں جن کو حل کرنا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے ۔

اس مرتبہ وفاق اور پنجاب کی طرح سندھ میں بھی مسلم لیگ (ن) صوبائی حکومت بنائے گی اور کراچی کے مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے ۔خواجہ طارق نذیر نے کہا کہ آج اگرعمران خان سمیت ملک کے نامور سیاستدان کراچی سے آزادانہ اور بلاکسی خوف و خطر انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں تو یہ سب مسلم لیگ (ن) کا کریڈٹ ہے جس نے شہر سے خوف کے آسیب کو دور بھگادیا ہے اور اب تمام سیاسی جماعتیں آزادانہ طور پر الیکشن میں حصہ لے رہی ہیں ۔اس مرتبہ کراچی کے انتخابی نتائج سیاسی پنڈتوں کے لیے حیران کن ہوں اور بلدیاتی انتخابات کی طرح مسلم لیگ عام انتخابات میں بڑا سرپرائز دے گی ۔