’’یہ دلوں کو سنبھالتے ہیں اور ان کے معاملات بہتر سمجھتے ہیں ‘‘

نگران وزیراعلی حسن عسکری رضوی کی تعارفی اجلاس میں گفتگو نگران وزیراعلی نے نگران کابینہ کے ارکان کا تعارف کرایا نگران صوبائی وزرا ء کا حسن عسکری رضوی کی قیادت میں انتھک کام کرنے کا عزم

پیر 11 جون 2018 18:55

’’یہ دلوں کو سنبھالتے ہیں اور ان کے معاملات بہتر سمجھتے ہیں ‘‘
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 جون2018ء) نگران وزیراعلیٰ پنجاب حسن عسکری رضوی کی زیر صدارت نگران کا بینہ کا تعارفی اجلاس وزیراعلی آفس میں منعقد ہوا ،اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا -چیف سیکرٹری کیپٹن (ر) زاہد سعید نے حکومت پنجاب کے 43محکموں کے افعال کار او رنگران حکومت کے دائرہ کار اور اختیارات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی -نگران وزیراعلی حسن عسکری رضوی نے نگران کابینہ کے بارے میں تعارفی کلمات کہتے ہوئے فردا فردا تعارف کروایا او ران کی ذمہ داریوں کا ذکر کیا- انہوںنے نگران وزیر صحت ڈاکٹر جوادساجد کا تعارف کراتے ہوئے کہاکہ یہ دلوں کو سنبھالتے ہیں اوردلوں کے معاملات سمجھتے ہیں-ان معاملات میں کافی سنجیدہ بھی ہیں -ہماری خواہش ہے کہ یہ مینڈیٹ کے مطابق عوام کے لئے صحت کی سہولتوں کو بہتر بنائیں تاکہ لوگ ریلیف حاصل کریں اور دعائیں دیں-نگران صوبائی وزیر ضیاء حیدر رضوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی اخراجات کا حجم کم کر کے باہمی رضا مندی سے سرکاری واجبات کی وصولی کی پالیسی اپنائیں گی-احمد وقاص ریاض نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ حسن عسکری رضوی کی قیادت میں ایسا کام کریں گے کہ آئندہ جب بھی نگران حکومت بنے وہ ہماری مثالیں دیں- نگران صوبائی وزیر ظفر محمود نے کہا کہ آپ کی معاونت کی بھرپور کوشش کریں گے اور کابینہ اجلاس میں اوپن ڈسکشن کے ذریعے معاملات کو طے کیا جائے گا-نگران صوبائی وزیر انجم نثار نے خیالات کا اظہارکرتے ہوئے صوبے میں صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کی کاوشیں بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا-نگران صوبائی وزیر شوکت جاوید نے بھی بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی-نگران صوبائی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعلی حسن عسکری رضوی نے کہاکہ ہمیں اپنے عمل سے نان پارٹی ازم کی پالیسی کو ثابت کرناہی-اس موقع پر آئی جی پنجاب عارف نواز نے عید کے موقع پر امن وامان کے لئے حکومت پنجاب کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا-