نگران حکومت بھی بجلی بحران پر قابو پانے اور لوڈ شیڈنگ ختم کرنے میں مکمل طور پر ناکام نظر آرہی ہے،سینیٹر مشتاق احمد خان

پیر 11 جون 2018 19:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 جون2018ء) امیر جماعت اسلامی و سینئر نائب صدر متحدہ مجلس عمل خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے صوبے بھر میں جاری بجلی کی ناروا لوڈشیڈنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نگران حکومت بھی بجلی بحران پر قابو پانے اور لوڈ شیڈنگ ختم کرنے میں مکمل طور پر ناکام نظر آرہی ہے، رمضان المبارک میں سحری و افطاری اور تراویح کے اوقات میں ظالمانہ لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے صوبے کے عوام سخت نالاں ہیں۔

خیبر پختونخوا سب سے زیادہ بجلی پیدا کرنے والا صوبہ ہے لیکن یہاں بھی تاریکیوں کا راج ہے، نگران حکومت لوڈ شیڈنگ کے عفریت پرقابو پائے اور لوڈ شیڈنگ ختم کرے، صوبے میں دینی جماعتوں کی حکومت قائم ہوگی ، خیبر پختونخوا کو ترقیافتہ صوبہ بنائیں گے، نوجوانوں کو روزگار، تعلیم، صحت کی سہولیات اور کھیل کے میدان دیں گے، عوام انتخابات میں متحدہ مجلس عمل کے انتخابی نشان کتاب کو ووٹ دیں۔

(جاری ہے)

پیر کو المرکزالاسلامی پشاور سے جاری کردہ بیان میں سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ کے مسئلے نے سنگین صورتحال اختیار کرلی ہے، ملک میں بجلی کی کمی کو پورا کرنے کے لئے کالاباغ ڈیم بنانے کی باتیں ہورہی ہیں اور اس کے لئے بھر پور مہم جاری ہے، کالاباغ ڈیم متنازعہ ہے، بہتر ہے حکومت پہلے دیگر ڈیم تعمیر کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے۔

کالاباغ ڈیم پر تمام صوبوں اور عوام کا اتفاق ضروری ہے، عوام اور صوبوں سے مشورے کے بغیر کالاباغ ڈیم کی تعمیر کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل ملک لوٹنے والوں کا احتساب کرے گی، ایم ایم اے میں نہ کوئی کرپٹ ہے نا ہی کسی کے اثاثے بیرون ملک بنکوں میں موجود ہیں۔ متحدہ مجلس عمل نے عوام کو انقلابی منشور دیا ہے۔ اسی منشور پر عمل کرکے صوبے کو ترقیافتہ اور خوشحال صوبہ بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق خیبرپختونخوا کو اپنے وسائل میں حصہ نہیں دے رہا، اپنے حقوق کے حصول کے لئے جدوجہد کریں گے۔