نگران حکومت آئین و قانون کیمطابق شفاف اور غیر جانبدارانہ الیکشن کی نگرانی کرے ،میاں افتخار حسین

پیر 11 جون 2018 19:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 جون2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ نگران حکومت آئین و قانون کے مطابق شفاف اور غیر جانبدارانہ الیکشن کی نگرانی کرے اور جو بھی اس الیکشن میں کامیاب ہو حکومت ان کے سپرد کردی جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پبی خدریزی پی کے 65میں حجرہ زاہد خان میں انتخابی مہم کے دوران ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر مختلف سیاسی جماعتوں سے درجنوں افراد نے اے این پی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔

میاں افتخار حسین نے شامل ہونے والوں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ آئے روز جوق در جوق شمولیتیں اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ حکومت کے خاتمے کے بعد عوام کا رجحان اے این پی کی طرف ہے اور عوام اے این پی کو ہی اپنے حقوق کا محافظ سمجھتے ہیں،انہوں نے کہا کہ تمام بندشیں اور رکاوٹین دور ہو رہی ہیں اور عوام کی اے این پی میں شمولیت سے ہماری ہمت مضبوط ہوتی جا رہی ہے ،اپنے خطاب میں انہوں نے مزید کہا کہ اقتدار نگران حکومت کے پاس امانت ہے اور اسے چاہئے کہ اپنے منصب کے ساتھ انصاف کرتے ہوئے کامیاب ہونے والوں کو ان کی امانت حوالے کر دی جائے تاکہ ملک میں جمہوریت کا تسلسل برقرار رہ سکے، انہوں نے کہا کہ نگران حکومت سب کی حکومت ہے اس پر چند افراد یا مخصوص سیاسی جماعتوں کا حق نہیں ہوتا ،انہوںنے کہا کہ الیکشن کمیشن پری پول رگنگ کے حوالے سے ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد یقینی بنائے اور سیاسی رشوت کے طور پر ہونے والے ترقیاتی کاموں ، ٹرانسفرز اور پوسٹنگز کا نوٹس لے ،الیکشن کے حوالے سے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں اور گرمی و ماہ صیام کے باوجود لوگوں کی توجہ الیکشن پر مرکوز ہے ،سب حوصلے اور صبر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں ،اے این پی کی کامیابی یقینی ہے اور حکومت میں آنے کے بعد صوبے اور عوام کی تقدیر بدل دیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت میں آنے کے بعد داخلہ امور اور امن کے حوالے سے محرکات سر فہرست ہونگے جبکہ انسانی حقوق کے ساتھ ساتھ خواتین کی فلاح و بہبود اور ترقی کیلئے بھی عملی اقدامات کئے جائیں گے ، انہوں نے کہا کہ صوبائی خود مختاری و اتھارویں ترمیم کے نفاذ اور اس کے استحکام کیلئے عملی جدوجہد جاری رکھی جائے گی ، اے این پی نے اپنے سابقہ دور حکومت میں تعلیم اور صحت کے حوالے سے ایسے اقدامات کئے جس کی صوبے کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی اور مستقبل میں بھی ان تمام شعبوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی ، جبکہ نوجوانوں کو روزگار دینے کے حوالے سے بھی مربوط پلان تشکیل دیا جائے گا،بعد ازاں میاں افتخار حسین نے خدریزی حجرہ مولانا سمیع الرحمان میں ایک شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کا مقررہ وقت پر انعقاد ضروری ہے اور التوا سے ملک کو بہت نقصان ہو گا ، انہوں نے کہا کہ کارکن الیکشن کی بھرپور تیاریوں پر توجہ دیں کیونکہ آنے والا دور ایک بار پھر اے این پی کا ہے۔