قوم سیکولر ایجنڈے کو پروان چڑھانے والوں کا انتخابات میں احتساب کریگی، نظام مصطفیٰ ؐ قوم کے دل کی آواز بن چکا ہے ،مولانا عبدالحق ہاشمی

پیر 11 جون 2018 20:26

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2018ء) جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ قوم سیکولر ایجنڈے کو پروان چڑھانے والوں کا انتخابات میں احتساب کرے گی نظام مصطفیٰ ؐ قوم کے دل کی آواز بن چکا ہے ۔منتخب نمائندے ومقتدرپارٹیاں لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کا نعرہ لگاکر کے اقتدار میں آئی تھی لیکن افسوس اپنے پانچ سالہ دور اقتدار میںبھی بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم نہیں کرسکی۔

مختلف خوشنمانعروںمثلاًقرض اتارو ں ملک سنوارو،روٹی ،کپڑا، مکان،نیا پاکستان سے قوم کو ورغلایا گیا عوام الناس باریاں لینے والوں کوووٹ کی طاقت سے مستردکرتے ہوئے مخلص دین دار دیانت دار لوگوں کا ساتھ دیں ۔انہوں نے کہا کہ ستر سال سے بلوچستان پر مختلف ناموں سے حکومت کرنے والوں نے یہاں سے نہ لوڈ شیڈنگ ختم کی نہ بے روزگاری اور نہ ہی ترقی وخوشحالی کا کوئی میگاپراجیکٹ شروع کیا صر ف کرپشن کرکے ذاتی وخاندانی طور پر مالامال ہوئے قرضوں کا حجم بے تحاشہ بڑھتا ہی گیاعوام کا معیار زندگی بلند ہونے کی بجائے پستی کی جانب رواں دوراں ہے چہروں کے بدلنے سے نظام نہیں بدلتے نظام کے بدلنے سے ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکتا ہے امریکہ کی خوشنودی میںسیکولر اسلام کے خواب دیکھنے والوں کاعملی مظاہرہ قوم موجود پارلیمنٹ میں دیکھ چکی ہے،ختم نبوت قوانین میں ترمیم کی گئی ،حقوق نسواں کے نام پر بے راہ روی کے قوانین بنائے گئے ہندو ایکٹ کی آڑ میں18سال سے کم عمرپر اسلام کے دروازے بند کردئیے گئے مگر پارلیمنٹ میں جماعت اسلامی کے سواسب خاموش تماشائی بنے رہے بلکہ کچھ تو نواز شریف کی محبت میں اس حد تک بڑھ گئے کہ ختم نبوت کے دھرنوں کو ختم حکومت کا ایجنڈا قرار دینے لگے ستر سال سے حکومت میں شامل خاندانی پارٹیوں نے ایک دن کیلئے بھی اسلام نافذ نہیں ہونے دیا اداروںمیں کہیں اسلامی اقدار اور نظام مصطفیٰؐ کی جھلک نظر آئی ۔

(جاری ہے)

بلوچستان میں کرپشن ،لوٹ کھسوٹ اور اقربہ پروری کا بازارگرم رہانوکریاں اہل پڑھے لکھے لوگوں کو دینے کے بجائے فروخت ہوتی رہیں من پسند لوگوں اورپارٹی جیالوں وخاندان کے افراد کوکس طرح نوازجاتا رہادین کا تمسخر جس بھونڈے طریقے سے اڑایا گیا اس کی مثال نہیں ملتی قوم سیکولر ایجنڈے کو پروان چڑھانے اورکرپشن کو عام کرنے والوں کا انتخابات میں احتساب کرے گی ۔نظام مصطفیٰ ؐ اب صرف نعرہ نہیں رہا قوم کے دل کی آواز بن چکا ہے ۔