کوئٹہ ، کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ آخری روز بھی زور وشور سے جاری رہا، درجنوں امیداروں نے کاغذات جمع کرادیے

پیر 11 جون 2018 20:52

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 جون2018ء) بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سمیت صوبے کے تمام ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز میں ریٹرننگ آفیسرز کے پاس کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ پیر کو آخری روز زور وشور سے جاری رہا۔کوئٹہ کے تین قومی اسمبلی کے حلقوں پر درجنوں امیدواران کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرادئیے گئے حلقہ این اے 264کوئٹہ ون پر درجن سے زائد امیدواران کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے گئے ،کاغذات نامزدگی جمع کرانے میں والوں میں سردار عاطف سنجرانی ،محمدعمر خلجی ،مولاناعصمت اللہ ،ارباب غلام ،عبدالرحمن بازئی ،سید ظہور آغا،عجب خان سمیت دیگر شامل ہیں ،جبکہ حلقہ پی بی265پر آخری اطلاعات تک32امیدواران نے کاغذات نامزدگی جمع کرادئیے تھے جن میں پشتونخوامیپ کے چیئرمین محمود خان اچکزئی ،بلوچستان عوامی پارٹی کے بانی سعید احمدہاشمی ،پاکستان تحریک انصاف کے قاسم خان سوری ،مسلم لیگ کے یونس بلوچ ،سیدال ناصر،جمعیت علماء اسلام کے نصیب اللہ اچکزئی ،پاکستان تحریک انصاف کے حاجی سیف اللہ کاکڑ ودیگر شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 266پر بھی آخری اطلاعات تک17امیدواران نے کاغذات نامزدگی جمع کروادئیے تھے جن میں بلوچستان عوامی پارٹی کے پرنس احمد علی احمدزئی ،پشتونخوامیپ کے جمال ترہ کئی ،جمعیت علماء اسلام کے حافظ حسین احمد ،میر عثمان پرکانی ،بلوچستان نیشنل پارٹی کے آغا حسن ایڈووکیٹ،احمد خان شاہوانی ،سردار شیر دل خان ،عبدالباسط ،بی بی نسرین گل ،محمد یونس بلوچ سمیت دیگر نے کاغذات نامزدگی جمع کروادئیے تھے اس کے علاوہ صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 24کوئٹہ ون کیلئے بھی اب تک 20امیدواران نے کاغذات نامزدگی جمع کرادئیے ہیں جن میں جمعیت علماء اسلام کے مولوی ساز الدین ،پشتونخوامیپ کے محمدیوسف کاکڑ،پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار سمیت دیگر شامل ہیں جبکہ حلقہ پی بی 32کوئٹہ پر بھی اب تک 27امیدواران نے کاغذات نامزدگی جمع کروادئیے ہیں جن میں جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولاناعبدالغفور حیدری ،بلوچستان نیشنل پارٹی کے ملک نصیراحمد شاہوانی ،محمود یار ،اختر شاہوانی ،حافظ اللہ محمد شہی سمیت دیگر شامل ہیں کوئٹہ کے دیگر حلقوں پر بھی پیر کے روز درجنوں امیدواران کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے گئے اور 6بجے تک ریٹرننگ آفیسرز کے دفاتر کے اندر اور باہر لوگوں کا جم غفیر رہا ۔

اس کے بعد بھی لوگ آراوز کے دفتر کے باہر موجود رہے ۔ صوبائی الیکشن کمشنر نیاز احمد بلوچ نے کہاہے کہ کاغذات نامزدگی کااجراء اور جمع کرانے کاسلسلہ آخری روز بھی زور وشور سے جاری ہے انہوں نے ہدایت کی کہ تمام سیاسی جماعتیں مخصوص نشستوں کیلئے بھی اپنے امیدواروں کی ترجیحی لسٹیں جمع کروائیں ،ترجیحی لسٹیں الیکشن کمیشن کی جانب سے دئیے گئے اوقات کار تک جمع کرائے جاسکتے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ صوبائی اسمبلی کے 51حلقوں کیلئے پیر کے روز صبح تک651کاغذات نامزدگی فارم جمع ہوئے تھے جبکہ صوبائی اورقومی اسمبلی کی مخصوص نشستوں کیلئے اب تک 162فارمز کااجراء کیاگیاہے اس کے علاوہ قومی اسمبلی میں خواتین کی 4مخصوص نشستوں کیلئے 20کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں جبکہ صوبائی اسمبلی میں خواتین کی 11مخصوص نشستوں کیلئے 48کاغذات نامزدگی جمع کئے گئے ہیں اس کے علاوہ صوبائی اسمبلی میں اقلیتوں کی 3نشستوں کیلئے 35فارمز جمع کئے گئے ہیں ۔

اس کے علاوہ پاکستان پیپلزپارٹی کے سردارمحمدعمر گورگیج نے قومی اسمبلی کے حلقہ این ای268کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کروادئیے ان کے علاوہ بلوچستان عوامی پارٹی کے اعجاز سنجرانی ،آزاد امیدوار سردارفتح محمدحسنی ،بلوچستان نیشنل پارٹی کے حاجی محمد ہاشم نوتیزئی نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کروادئیے ہیں جبکہ نیشنل پارٹی کے میر دوران خان کھوسہ نے حلقہ پی بی 15صحبت پور کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں ۔