ڈاکٹر سلیم حیدر نے 2قومی اسمبلی کی نشستوں پر فارم جمع کرادیئے

پیر جون 22:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 جون2018ء) مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کراچی میں دو قومی اسمبلی کے حلقے سے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے ، ان میں این اے 254 اور این اے 239 جبکہ پارٹی رہنما فرید خان نے پی ایس 126 اور کیپٹن (ر) رئیس نقوی نے پی ایس 92 سے ، شہزاد الرحمن نے پی ایس 93 سے فارم جمع کرائے۔ اس کے علاوہ پارٹی کے مقامی عہدیداروں اور کارکنوں سمیت ہمدردوں نے بھی مختلف حلقوں سے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈاکٹر سلیم حیدر کا کہنا تھا کہ وہ مہاجر صوبے کے نعرے کو آگے بڑھانے کیلئے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں اور اس نعرے کو اپنی انتخابی مہم کے دوران گھر گھر پہنچائیںگے۔ انہوں نے کہاکہ ہم آج بھی مہاجر اتحاد کے خواہاں ہیں اور چاہتے ہیں کہ مہاجر جماعتیں متحد ہوکر ایک ہی اتحاد کے نام سے الیکشن لڑیں گے تاکہ مہاجر ووٹ منتشر ہونے کے بجائے مزید متحد ہوسکے۔ انہوں نے کہاکہ کراچی سمیت سندھ بھر میں مہاجر عوام صرف مہاجر نمائندوں کیلئے ہی اپنے ووٹ کا استعمال کریں اور ان عناصر کو یکسر مسترد کردیں جو مہاجر ووٹ تو حاصل کرنا چاہتے ہیں لیکن منافقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مہاجروں کے بنیادی مسائل اور ان کے حقوق سے انحراف کررہے ہیں۔