عید کے موقع پر عوام پر پٹرول بم گرگیا ،حکومت نے عید سے قبل پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا

پٹرول 4.26 روپے ، ڈیزل 6.55 اورلائٹ سپیڈ ڈیزل 6.14 روپے فی لیٹر مہنگا ، اطلاق ہوگیا

پیر 11 جون 2018 22:48

عید کے موقع پر عوام پر پٹرول بم گرگیا ،حکومت نے عید سے قبل پٹرولیم مصنوعات ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 جون2018ء) نگران حکومت نے عید کے موقع پر عوام پر پیٹرول بم گراتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا، پٹرول 4 روپے 26 پیسے، ڈیزل 6.55،لائٹ سپیڈ ڈیزل 6.14 روپے فی لیٹر مہنگا ہوگیا ۔تفصیلات کے مطابق نگران حکومت نے عید سے قبل عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈالتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔

نئی پٹرولیم قیمتوں کے مطابق پٹرول چار روپے چھبیس پیسے فی لیٹر مہنگا کر کے نئی قیمت 91 روپے 96 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 55 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کر کے نئی قیمت 105 روپے 31 پیسے مقرر کر دی گئی ہے۔ قیمتوں کا اطلاق پیر کی رات 12 بجے سے ہو گیا ۔لائٹ سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 14 پیسے کا اضافہ کر دیا گیا ہے جس سے اس کی قیمت بڑھ کر 74 روپے 99 پیسے ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

مٹی کا تیل 4 روپے 46 پیسے فی لیٹر مہنگا ہوا ہے جس سے نئی قیمت 84 روپے 34 پیسے مقرر ہوئی ہے۔ یہ قیمتیں 12 جون سے 30 جون تک کیلئے بڑھائی گئی ہیں۔یاد رہے کہ سابقہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ سابق وزیرِ خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ نگران حکومت کرے گی۔اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کی سمری وزارتِ خزانہ کو ارسال کی تھی۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے وزارتِ خزانہ کو بھجوائی گئی سمری میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ساڑھے بارہ روپے اضافہ کی سفارش کی گئی تھی۔