راولپنڈی، بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن انٹرمیڈیٹکے امتحانات کے پریکٹیکل کے لیے SOPs جاری

پیر 11 جون 2018 22:58

اولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جون2018ء) کمشنروچیئر مین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ، راولپنڈی ندیم اسلم چوہدری کی ہدایت پر تعلیمی بورڈ راولپنڈی نے بورڈ آف گورنر کے فیصلہ کی روشنی میں امتحان انٹرمیڈیٹ (سالانہ)2018ء کے پریکٹیکل کے لیے SOPs جاری کردیئے ہیں۔اس سلسلہ میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا گیا جس میں امتحانی امور کے نگران پروفیسر غلام محمد جھگڑ، کنٹرولر امتحانات عابد کھرل، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز راولپنڈی اور بورڈ افسران نے شرکت کی۔

امتحانی امور کے نگران پروفیسر غلام محمد جھگڑ کے مطابق عملی امتحان کی مانیٹرنگ بھی تھیوری کے امتحان کی طرز پرہوگی حکومتِ پنجاب کی طرف سے جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

عملی امتحان شروع ہونے سے پہلے اچھی طرح اطمینان کرلیجئے کہ کمرہ ٴ امتحان میں کوئی ایسا چارٹ نہ لگا ہو جس سے امیدوار کو عملی امتحان میں مدد مل سکتی ہو۔

دورانِ عملی امتحان غیر متعلقہ شخص کو لیبارٹری میں داخل ہونے کی قطعاً اجازت نہ ہوگی۔ عملی ممتحن تمام امیدواران کو ایک ہی Experiment الاٹ کردیتے ہیں جبکہ سوالیہ پرچہ میں دو Experiment دیئے ہوتے ہیں ۔ لہذا اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ مختلف امیدوران کو مختلف Experiment الاٹ کیے جائیں۔ عملی ممتحن روزانہ کی بنیاد پر ہر گروپ کے عملی امتحان کے اختتام پر جوابی کاپیوں کی مارکنگ کرکے ایوارڈ تیار کرے تاکہ رزلٹ میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو۔

لیبارٹر ی میں جس دن پریکٹیکل اختتام پذیر ہوگا عملی ممتحن دفتر ہذا میں اس کے تین دن کے بعد متعلقہ مضمون کا رزلٹ جمع کروانے کا پابند ہوگابصورتِ دیگر مبلغ100/-روپے یومیہ جرمانہ ہوگا۔ صوبائی محتسب کی ہدایات کے مطابق پریکٹیکل نوٹ بک کے اوراق لازماً پھاڑنے کے بعدامیدوار کو یہ نوٹ بک واپس کردی جائے۔ سربراہِ ادارہ اس امر کا سرٹیفیکیٹ دینے کا پابند ہوگا کہ ہر امیدوار کی نوٹ بک پھاڑنے کے بعد اسے واپس کردی گئی ہے۔

یہ نوٹ بک امیدوار کو واپس نہ کئے جانے یا نہ پھاڑے جانے کی صورت میں سربراہ ادارہ ذمہ دار ہوگا۔ عملی ممتحن دورانِ ڈیوٹی کسی شخص یا ادارے سے کسی قسم کی ریفریشمنٹ ، کھانا، تحفہ تحائف اور سفری سہولیات ہر گز قبول نہ کرے۔ عملی ممتحن دوران عملی امتحان اپنا موبائل فون R.Iکے پاس جمع کروائے اور اس امر کو یقینی بنائے کہ کسی امیدوار یا لیب اسسٹنٹ کے موبائل فون یا ایسا کوئی مواد تو نہیں جو پریکٹیکل میں امیدوار کی مدد کرسکے۔

عملی ممتحن روزانہ دونوں گروپس کے سوالیہ پرچوں کے بیرونی لفافوں پر اپنے اورR.Iکے تصدیقی دستخط ضرور کروائے نیز ہر گروپ کے کوئی سے دو امیدواران کے دستخط بھی کروائے تاکہ درست سوالیہ پرچہ کھولنے کے عمل کو یقینی بنایا جاسکے۔ اس سلسلہ میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔خلاف ورزی کرنے والے کے خلافPEEDAایکٹ مجریہ2006ء کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔