ْنیب کا شریف خاندان کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کیلئے وزارت داخلہ کو ایک بار پھر خط

منگل 12 جون 2018 00:00

ْنیب کا شریف خاندان کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کیلئے وزارت داخلہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 جون2018ء) قومی احتساب بیورو(نیب) نے سابق وزیر میاں محمد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کیلئے ایک بار پھر وزارت داخلہ کو خط لکھ دیاہے جس میں کہاگیا ہے کہ ملزمان کے خلاف ٹرائل حتمی مراحل میں ہے،شریف خاندان کے خلاف جلد عدالتی فیصلہ آنے والا ہے ، خدشہ ہے کہ شریف خاندان کے افراد عدالتی فیصلے کے اثرات سے بچنے کیلئے بیرون ملک چلے جائیں ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق نیب نے شریف خاندان کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کیلئے وزارت داخلہ کو ایک بار پھر خط لکھ دیاہے جس میں کہاگیاہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف ، مریم نواز ، حسن نواز ، حسین نواز اور کیپٹن صفدر کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں کیونکہ شریف خاندان کے افراد کے خلاف عدالتی ٹرائل حتمی مراحل میں داخل ہو چکا ہے ، خط میں کہاگیاہے کہ شریف خاندان کے افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کے معاملے کا ازسر نو جائزہ لینے کی ضرورت ہے ، اس لئے نیب کے خط کا کابینہ کی سب کمیٹی میں دوبارہ جائزہ لیا جائے ، خط میں یہ بھی کہاگیاہے کہ شریف خاندان کے خلاف جلد عدالتی فیصلہ آنے والا ہے اور خدشہ ہے کہ شریف خاندان کے افراد عدالتی فیصلے کے اثرات سے بچنے کیلئے بیرون ملک چلے جائیں ۔