جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کی طرف سے کشمیری نظربندوںکی حالت زار پر اظہار تشویش

سینکڑوں نظر بند کشمیری شدید گرم موسم میں جموں، نئی دلی اور دیگر دور دراز جیلوں میں کسمپرسی کی حالت میں نظربند ہیں کشمیری نظربندوں کی فوری غیر مشروط رہائی کا مطالبہ ‘ بھارت کی جیلوںمیں بھی کشمیری نظربندوں کی حالت ابتر ہے

منگل 12 جون 2018 12:10

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2018ء) جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیرنے مختلف جیلوںمیں غیرقانونی طورپر نظربند سینکڑوں کشمیریوں کی حالت زار پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی فوری غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جماعت اسلامی کے ترجمان زاہد علی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ سینکڑوں نظر بند کشمیری شدید گرم موسم میں جموں، نئی دلی اور دیگر دور دراز جیلوں میں کسمپرسی کی حالت میں نظربند ہیں اور انکے اہلخانہ ان سے ملاقات کو ترس رہے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ کشمیری نظر بندوں سے ملاقات کے عمل کو انتہائی مشکل بنادیا گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ سرینگر سنٹرل جیل میں نظربند افراد سے ملاقات کیلئے جانیوالوںکو تلاشی کے نام پر تنگ اور ہراساں کیا جاتا ہے اور پھر انتہائی سخت پہرے میں مختصر سی ملاقات کرائی جاتی ہے ۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہاکہ نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں قید کشمیریوں کو جیل میں نظربند خطرناک مجرموںکی طر ف سے حملے کا خدشہ رہتا ہے اور انکے ساتھ جیل حکام کا رویہ بھی متیاز ی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ بھارت کی جیلوںمیں بھی کشمیری نظربندوں کی حالت ابتر ہے ۔ زاہد علی نے جموں اور بھارت کی جیلوںمیں نظربند کشمیریوںکو وادی کشمیر کی جیلوں میں منتقل اور کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت نظر بند اور عمر قید کی سزا کاٹنے والے کشمیری نظربندوںکی فوری غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا۔انہوںنے کہاکہ عام طورپر عمر قید کی سزا کاٹنے والے افراد کو چودہ برس بعد رہا کردیا جاتا ہے تاہم بھارتی قابض انتظامیہ نے کشمیریوں کے بارے میں ایک ظالمانہ اور امتیازی پالیسی اختیار کر رکھی ہے جس کے تحت عمر قید کی سزا کاٹنے والے نظربندوںکو چودہ برس بعد بھی رہا نہیں کیا جاتا ۔

انہوںنے شبیر احمد شاہ، الطاف احمد شاہ،پیر سیف اللہ، شاہد الاسلام، ایاز اکبر، معراج الدین کلوال، ڈاکٹر محمد شفیع شریعتی،آسیہ اندرابی، ناہیدہ نسرین، فہمیدہ صوفی، ڈاکٹر محمد قاسم فکتو، محمد امین ڈار، غلام قادر بٹ، محمد ایوب ڈار، نذیر احمد شیخ،نثار احمد گنائی ، رئیس احمداوردیگر کی فوری رہائی پرزوردیا ۔