دُبئی: گھر میں گھُس کر دس لاکھ درہم کا سامان چوری کرنے پر قید کی سزا

ملزم نے پالتو کُتّے کو واردات کے دوران بیڈ روم میں بند کر دیا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 12 جون 2018 12:12

دُبئی: گھر میں گھُس کر دس لاکھ درہم کا سامان چوری کرنے پر قید کی سزا
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12جُون 2018ء) دُبئی کی عدالت نے ملزم کو گھر میں گھُس کر دس لاکھ اماراتی درہم کا قیمتی سامان چوری کرنے کے جُرم میں ایک سال قید کی سزا سُنا دی ہے۔ اس دوران ملزم نے گھر میں موجود پالتو کُتے کو بیڈ روم میں بند کر دیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق جُمیرہ میں رہائش پذیر ایک یورپی جوڑا کسی کام کی غرض سے گھر سے باہر گیا اور رات کو جب نو بجے گھر لوٹا تو میاں بیوی نے دیکھا کہ اُن کا کُتّا ایک بیڈ روم میں بند ہے۔

شک ہونے پر انہوں نے اپنا قیمتی سامان چیک کیا تو پتا چلا کہ اُن کے گھر چوری کی واردات ہوئی ہے جس میں گھر میں موجود زیورات اور دُوسرا قیمتی سامان چُرا لیا گیا ہے۔ دسمبر 2016ء کے دوران پیش آنے والے اس واقعے کی رپورٹ پولیس میں درج کروائی گئی ۔

(جاری ہے)

جس دوران پتا چلا کہ اس نوعیت کی دو اور واداتوں کی رپورٹ اُم سُقیم اور البرشا میں بھی درج کروائی جا چکی ہے۔

جن میں سے ایک واقعے میں یورپی تاجر نے پولیس کو اطلاع دی تھی کہ ایک یا ایک سے زائد چور اُس کے گھر میں گھُس کر زیورات اور دیگر قیمتی سامان چُرا کر لے گئے ہیں۔ جبکہ اسی نوعیت کی ایک رپورٹ ایشیائی تاجر نے بھی درج کروائی تھی۔ ابتدائی تفتیش میں ظاہر ہوا کہ ایک 36 سالہ چینی باشندہ ان تینوں وارداتوں میں ملوث ہے۔ پولیس نے اسے گرفتار کر کے سرکاری استغاثہ کے حوالے کر دیا۔

دُبئی کی عدالت نے ملزم کو چوری کی دو وارداتوں میں ملوث ہونے پر ایک سال قید کی سزا سُنا دی جبکہ تیسری واردات میں اُس کا ملوث ہونا ثابت نہیں ہو سکا۔ ملزم کو سزا پُوری ہونے کے فوراً بعد ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔ استغاثہ کی جانب سے عائد کیے گئے الزامات کے مطابق ‘ ملزم اور اُس کے تین دیگر ہم وطن باشندے پیچ کس‘ ہتھوروں‘ کٹڑ اور کلہاڑی کی مدد سے دروازے توڑ اور کاٹ کر اندر گھُستے اور سامان چوری کر کے فرار ہو جاتے ۔

ملزم اور اس کے ساتھیوں نے اس مقصد کے لیے ایک کار کرائے پر لے رکھی تھی۔ جس میں وہ مختلف علاقوں میں گھُومتے پھرتے اور جہاں اُنہیں کوئی ایسی رہائشی عمارت نظر آتی جس کے مکین گھر میں موجود نہ ہوتے‘ تو یہ اُسے اپنی واردات کا نشانہ بناتے۔ ملزم کے تین ہم وطن ساتھی فی الحال مفرور ہیں۔ چینی ملزم کو سزا کے خلاف اپیل کا حق دیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :