شدید لڑائی کے بعد اسدی فوج البوکمال سے داعش کو نکالنے میں کامیاب

جمعہ کے روز سے جاری لڑائی کے دوران اب تک 48 شامی فوجی اور 32 داعشی جنگجو جن میں 10 خود کش بم بار بھی شامل ہیں ہلاک ہوئے

منگل 12 جون 2018 13:02

بیروت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2018ء) شام کی سرکاری فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ملک کے مشرقی شہر البوکمال میں شدت پسند تنظیم ’داعش‘ کو شدید لڑائی کے بعد بے دخل کردیا ہے جس کے بعد اب شہر پرمکمل طور پر سرکاری فوج کا کنٹرول ہے۔شام میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے ادارے’سیرین آبزرویٹری‘ کے مطابق تین روز تک البوکمال کے بعض علاقوں پر داعش کے جنگجوؤں نے قبضہ کرلیا تھا مگر شامی فوج اور اس کی حامی ملیشیاؤں نے گھمسان کی جنگ کے بعد داعش کو شہر سے بے دخل کردیا۔

آبزرویٹری کے مطابق داعش کے جنگجوؤں نے جمعہ کے روز شہر پر قبضے سے قبل 10 خود کش حملے کیے جس کے بعد شہر کے شمالی اور شمال مغربی علاقوں سے سرکاری فوج پسپا ہوگئی تھی۔انسانی حقوق کے مندوب رامی عبدالرحمان نے بتایا کہ اسدی فوج اور اس کی حامی قوتوں نے خون ریز لڑائی کے بعد البوکمال شہرپر دوبارہ اپنا کنٹرول قائم کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

جب کہ داعش کے جنگجو شہر سے فرار ہوگئے ہیں۔

جمعہ کے روز سے جاری لڑائی کے دوران اب تک 48 شامی فوجی اور 32 داعشی جنگجو جن میں 10 خود کش بم بار بھی شامل ہیں ہلاک ہوئے ہیں۔خیال رہے کہ جنوبی دمشق سے ایک معاہدے کے تحت داعش کے انخلاء کے بعد بعض دوسرے علاقوں میں داعش کے حملوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔عراق کی سرحد سے متصل البوکمال شہر میں سرکاری فوج کے ساتھ لڑائی کے دوران داعش کے جنگجو کرد اور عرب ملیشیا کے خلاف بھی متعدد محاذوں پر لڑائی میں مصروف رہے۔

متعلقہ عنوان :