ملک کے مسائل کا حل صرف اور صرف قرآن و سنت کے نظام کے نفاذ میں ہے‘لیاقت بلوچ

متحدہ مجلس عمل انتخابات میں کسی بھی سیکولر اور قومی وسائل لوٹنے والی جماعت سے ملک کے کسی حصے میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں کریگی

منگل 12 جون 2018 13:43

قصور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2018ء) متحدہ مجلس عمل و جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ اس ملک کے مسائل کا حل مارشلڈ، سیکولر یا کسی اور نظام کے نفاذ میں نہیں بلکہ اس ملک کے مسائل کا حل صرف اور صرف قرآن و سنت کے نظام کے نفاذ میں ہے ۔ اس وقت ملک میں 87ارب ڈالر بیرونی قرضوں کا بوجھ ہے۔ ن لیگ اور پی پی پی نے ہماری آنے والی نسلوں کو بھی اغیار کے ہاتھوں گروی رکھ کر مصنوعی ترقی کے کھوکھلے نعرے لگائے اب یہ جماعتیں زیادہ دیر تک عوام کو بیوقوف نہیں بنا سکتیں۔

متحدہ مجلس عمل انتخابات میں کسی بھی سیکولر اور قومی وسائل لوٹنے والی جماعت سے ملک کے کسی حصے میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں کریگی۔25جولائی کا دن اسلام دشمن قوتوں کیلئے صف ماتم اور اسلام پسند قوتوں کیلئے فتح کی نوید کا دن ہوگا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے متحدہ مجلس عمل ضلع قصور کی طرف سے دی گئی افطار پارٹی کے شرکاء سے خطاب کا دوران کیا۔

افطار پارٹی سے مرکزی جمعیت اہلحدیث کے ناظم اعلیٰ سینیٹر حافظ عبدالکریم، جے یو آئی (ف) کے مرکزی رہنما پروفیسر ابوبکر چوہدری، علامہ ابتسام الٰہی ظہیر، مولانا جاوید قصوری و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے رمضان کے مقدس مہینے کے طفیل ہمیں قرآن اور پاکستان کی نعمت سے نوازا۔ لاکھوں جانوں کی قربانیوں اور کلمے کی بنیاد پر حاصل کیے گئے خطے کی اسلامی شناخت ختم کرنے کیلئے اس دن سے سیکولر قوتیں کمربستہ ہو گئی تھیں لیکن دینی جماعتوں نے سیکولر جماعتوں کے عزائم کو آج تک پایہ تکمیل تک نہیں پہنچنے دیا۔

انہوں نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل کی از سر نو بحالی سے سیکولر قوتوں کی نیندیں حرام ہو گئی ہیں اور وہ نہیں چاہتی کہ ملک کی دینی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہو کر ا ن کا مقابلہ کریں اور اگر اللہ تعالیٰ نے ہمیں موقع دیا تو ہم یہ ثابت کر کے دکھائیؓں گے کہ ملک ترقی کس طرح کرتا ہے اور عوام کس طرح خوشحال ہوتی ہے ۔