حج بارے جھوٹ بولنے والے قطر کا زوال حیرت کی بات نہیں،اماراتی وزیرخارجہ

قطرحج جیسی مقدس عبادت کے بارے میں بھی سعودی عرب کے خلاف دروغ گوئی سے کام لیتا ہے،بیان

منگل 12 جون 2018 14:12

ابوظہبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2018ء) متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور انور قرقاش نے کہا ہے کہ حج کے بارے میں جھوٹ اور دروغ گوئی سے کام لینے والے ملک قطر کا اس حد تک زوال کاشکار ہونا کوئی حیرت کی بات نہیں۔عرب ٹی وی کے مطابق ٹوئٹر پر پوسٹ اپنے ایک بیان میں انور قرقاش نے کہا کہ دوحہ حج جیسی مقدس عبادت کے بارے میں بھی سعودی عرب کے خلاف دروغ گوئی سے کام لیتا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ قطر کے پاس امارات کے خلاف عالمی عدالت انصاف میں شکایت کا کوئی ٹھوس ثبوت نہیں۔خیال رہے کہ قطر نے کہا ہے کہ وہ امارات کی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو بین الاقوامی عدالت انصاف میں اٹھائے گا۔ قطر کے اس بیان کے جواب میں اماراتی وزیر کا کہناتھا کہ جھوٹ اور دروغ گوئی قطر کی پالیسی ہے جو ملک حج جیسے مقدس فریضے کے بارے میں جھوٹ گھڑ سکتا ہے اس کا اس حد تک زوال کا شکار ہونا کوئی حیرت کی بات نہیں۔