مکہ اجلاس حقیقی بھائی چارے اور یکجہتی کی عمدہ مثال ہے،اردنی شاہ عبداللہ

شاہ سلمان نے دیگر عرب ممالک کو ایک میز پر جمع کرکے بھائی چارے کی عمدہ مثال قائم کی ،بیان

منگل 12 جون 2018 14:12

عمان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2018ء) اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ دوم نے مکہ معظمہ میں خادم الحرمین الشریفین کی زیرصدارت اردن میں معاشی بحران کے حل کے حوالے سے ہونیوالے اجلاس کا خیر مقدم کرتے ہوئے شاہ سلمان کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے اورکہاہے کہ مکہ اجلاس نے عرب بھائی چارے اور یکجہتی کی عمدہ مثال قائم کی ہے۔

(جاری ہے)

عرب ٹی وی کے مطابق یک ایک بیان میں شاہ عبداللہ دوم نے کہاکہ کہ ہمارے وطن(اردن) کو درپیش بحران کے حل کے لیے سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے دیگر عرب ممالک کویت اور متحدہ عرب امارات کو ایک میز پر جمع کرکے بھائی چارے کی عمدہ مثال قائم کی ہے۔

اردن سعودی عرب اور دیگر عرب برادر ممالک کے اس مستحسن اقدام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ ہمیں توقع ہے کہ آئندہ بھی عرب ممالک اسی طرح کے عرب بھائی چارے او یکجہتی کا مظاہرہ کریں گے۔اس موقع پر شاہ عبداللہ دوم نے اجلاس کے انعقاد پر خادم حرمین شریفین کا شکریہ ادا کیا اور ان کے نیک جذبات کو خراج تحسین پیش کیا۔ اردن کے فرماں روا نے اجلاس میں شرکت پر کویت اور متحدہ عرب امارات کے لیے بھی اظہار تشکر کیا۔ شاہ عبداللہ نے کہا کہ وہ اردن کے حالیہ بحران کے خاتمے کے لیے تینوں ممالک کی جانب سے پیش کیے جانے والے امدادی پیکج پر انتہائی ممنون ہیں۔