انجم نثار کو صوبائی وزیر صنعت و معدنیات تعیناتی سے صنعتکاروں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے ‘ افتخار بشیر

صنعتی شعبہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے،صنعتکاروں کے مسائل احسن طریقہ سے حل ہونگے

منگل 12 جون 2018 14:35

انجم نثار کو صوبائی وزیر صنعت و معدنیات تعیناتی سے صنعتکاروں کی حوصلہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2018ء) تاجر رہنما و صدر گرائنڈنگ ملز ایسوسی ایشن پاکستان چوہدری افتخار بشیر نے لاہور چیمبرز آف کامرس کے سابق صدر میاں انجم نثار کو صوبائی وزیر صنعت و معدنیات تعیناتی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلہ سے صنعتکاروں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے انہوںنے کہا کہ صنعتی شعبہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ان کی بطور نگران وزیر تعیناتی سے صنعتکاروں کے مسائل احسن طریقہ سے حل ہونگے اور ان کے مسائل بروقت حل ہونے سے صنعتی شعبہ ترقی کرے گا ان خیالات کا اظہار انہوںنے گرائنڈنگ ملز کے صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

افتخار بشیر چوہدری نے کہا کہ وزارت صنعت معدنیات انتہائی اہم وزارت ہے او ر انجم نثار بطور صنعتکار اس شعبہ میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں صوبے کی معیشت کا دارومدار صنعتی شعبہ پر ہی ہے حکومت نے ان کی بطور وزیر صنعت پنجاب تعیناتی کرکے انتہائی دانشمندانہ قدم اٹھایا ہے اس فیصلہ سے دور رس نتائج برآمد ہونگے اور صنعتی شعبہ ترقی کرے گا۔