پاکستانی باکسرمحمد وسیم معروف امریکی باکسر مے ویدر کے ہمراہ ٹریننگ کریں گے

منگل 12 جون 2018 14:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 جون2018ء) پاکستانی باکسر محمد وسیم کھیل میں دوبارہ بلندی پانے کیلئے معروف امریکی اسٹار مے ویدر کے ہمراہ ٹریننگ کریں گے۔ڈبلیو بی سی کے سابق سلور فلائی ویٹ چیمپئن وسیم نے اسے اپنے لیے نیا چیلنج بنالیا، انھوں نے کہا کہ وہ مجھے پاگل کہتے ہیں کیونکہ میں نے صرف 8پروفیشنل فائٹس کے بعد ورلڈ ٹائٹل کی جانب دیکھنا شروع کردیا۔

ان کے پاس اب آئی بی ایف ورلڈ ٹائٹل فائٹ کی تیاری کیلیے 40دن بچے ہیں۔رواں برس ٹائٹل بائوٹ کی کمی اور اسپانسرشپ کی عدم دستیابی کے سبب وسیم کو اپنے ڈبلیو بی سی ٹائٹل سے محروم ہونا پڑگیا تھا لیکن اب انھوں نے آئی بی ایف ٹائٹل کے حصول کو اپنا مقصد بنالیا، جس کیلیے ان کا پڑائو ایک بار پھر لاس ویگاس میں ہے، وہ آئندہ ماہ اس ٹائٹل کیلیے کوالالمپور میں جنوبی افریقی حریف موٹوٹی متھالین کا سامنا کریں گے، تاہم اس سے قبل کھیل میں دوبارہ بلندی پانے کیلیے وہ فلوئیڈ مے ویدر کے جم کو جوائن کریں گے۔

(جاری ہے)

محمد وسیم نے کہا کہ میرے لیے یہ ایک نیا آغاز ہوگا، وقت گزرتا جارہا ہے لیکن مجھے اپنے خوابوں کو مکمل کرنے کیلیے دوبارہ ٹریک پر آنا ہوگا، جو میں ورلڈ ٹائٹل جیت کر پورا کرپائوں گا۔ بدقسمتی سے میں ڈبلیو بی سی ٹائٹل پانے کا موقع گنوابیٹھا لیکن یہ تمام مشکلات میری راہ میں حائل نہیں ہوسکتیں، میرے ارادے بلند ہیں، جب میں یہاں لوگوں کو بتاتا ہوں کہ میں ورلڈ ٹائٹل پر نظریں جمائے ہوئے ہوںتو وہ بہت حیران ہوتے ہیں، کیونکہ عمومی طور پر باکسر ز20سے زائد پروفیشنل بائوٹس کے بعد اس جانب سوچتے ہیں۔ لیکن میں پہلے ہی بہت وقت ضائع کرچکا ہوں۔

متعلقہ عنوان :