فیفا ورلڈ کپ 2018،میسی، رونالڈو، نیمار اور محمد صلاح دنیا کی توجہ کا مرکز

منگل 12 جون 2018 14:48

ماسکو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 جون2018ء) ورلڈکپ فٹبال کے آغاز میں ایک دن رہ گیا ہے اور دنیا بھر کی نظریں میسی، رونالڈو، نیمار اور محمد صلاح پر ہیں۔میگا ایونٹ جیتنے کے لیے فیورٹ ٹیموں میں جرمنی، برازیل، اسپین، فرانس اور ارجنٹائن کا شمار ہونے لگا ہے جبکہ ایونٹ کے ایک لاکھ اضافی ٹکٹس صرف ایک گھنٹے میں فروخت ہوگئے۔بس ایک دن کا انتظار اور پھر ہوگا ایکشن جیت کا ہار کا اور سنسنی خیز مقابلوں کا۔

میگا ایونٹ میں جرمنی کی ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی۔برازیل میں ہونے والے ورلڈ کپ 2014میں جرمنی نے فائنل میں ارجنٹائن کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک صفر سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ ارجنٹائن دوسرے اور ہالینڈ کی ٹیم دوسرے نمبر پر رہی تھی۔

(جاری ہے)

میگا ایونٹ کے میگا مقابلے شروع ہونے سے قبل ہی دنیا بھر میں شائقین فٹبال اس کے بخار میں مبتلا ہوگئے ہیں، شرطیں لگ گئیں، فیورٹ ٹیمیں سامنے آگئیں۔

کون ہوگا اس ایونٹ کا اسٹار شائقین فٹبال کو اس بات کا بے چینی سے انتظار ہے۔ میسی، رونالڈو، نیمار اور کرنٹ فیورٹ مو صلاح کی ٹی شرٹس اور پوسٹرز دھڑا دھڑ فروخت ہونے لگے۔10لاکھ سے زائد سیاح روس پہنچنا شروع ہوگئے ہیں اور سب کی ایک ہی خواہش ہے کہ وہ اسٹیڈیم میں فیورٹ ٹیم اور فیورٹ اسٹارز کو ایکشن میں دیکھ سکیں۔ٹورنامنٹ میں شائقین کی دلچسپی کا عالم یہ ہے کہ ایونٹ کی ایک لاکھ اضافی ٹکٹیں صرف ایک گھنٹے میں فروخت ہوگئیں جبکہ اب تک ٹورنامنٹ کی 25لاکھ ٹکٹیں فروخت ہوچکی ہیں۔

دوسری جانب ایونٹ کی تیاری کیلئے روس، پرتگال، اسپین سمیت دیگر ٹیموں نے سخت ٹریننگ شروع کردی ہے۔فیفا ورلڈ کپ 2018میں مقابلوں کا آغاز 14جون سے شروع ہوگا اور افتتاحی میچ میں میزبان روس اور سعودی عرب کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی۔