معاشی بحران کے خاتمے کے لیے سرکاری اداروں سے کرپشن کا خاتمہ کرنا ہوگا‘ چوہدری اشرف

منگل 12 جون 2018 14:48

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 جون2018ء) سابق معاون خصوصی وزیر اعظم آزاد کشمیر چودھری محمد اشرف نے کہا ہے کہ میرپور میں معاشی بحران کے خاتمے کے لیے سرکاری اداروں سے کرپشن کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ تارکین وطن کا اداروں پر اعتماد بحال ہونے سے زرمبادلہ میں خاطر خواہ اضافہ ہو سکتا ہے بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی سے تارکین وطن برطانیہ کے لوگوں کی آمد میرپور میں کم ہوتی جا رہی ہے۔

تارکین وطن ہمارا قیمتی سرمایہ اور فخر ہیں۔ان کی اپنے ملک سے محبت قابل دیدنی ہے جس کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ حکمران میرپور کے شہریوں کے ساتھ جھوٹے وعدے نہ کریں بلکہ عملی اقدامات کے ساتھ ساتھ تارکین وطن کے لیے آسانیاں پیدا کریں۔اگر ان مسائل کی طرف توجہ نہ دی گئی تو مسائل میں بے پناہ اضافہ ہو سکتا ہے جس کی ذمہ داری حلقہ میرپور کے ممبر اسمبلی پر ہو گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چودھری محمد اشرف نے کہا میرپور کے پڑھے لکھے نوجوان بے روزگار ہیں سفارشی کلچر کی روک تھام نہیں ہو سکی ۔کاروباری طبقہ الگ سے پریشان ہے۔ شہر میں سرمایہ کاری نہیں ہو رہی۔ نہ ہی تارکین وطن کی مشکلات کم کرنے کے لیے حقیقی معنوں میں اقدامات کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا موجودہ حکومت کے دوسال مکمل ہو گئے ہیں لیکن تعمیر وترقی کے دعوے صرف اخباری بیان کی حد تک ہیںجو لمحہ فکریہ ہے۔