محکمہ سپورٹس کے 20کروڑ کے سالانہ ترقیاتی بجٹ میں سے پونے 13کروڑ روپے کی رقم سکندرحیات سپورٹس سٹیڈیم کوٹلی کے دیرینہ ترقیاتی منصوبے کی تکمیل کیلئے منظور ‘منصوبے کے فیزIکیلئے آئندہ دوسال میں خرچ کیا جائیگا

منگل 12 جون 2018 14:48

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 جون2018ء) حکومت آزادکشمیر کے محکمہ سپورٹس کے کل20کروڑ روپے کے سالانہ ترقیاتی بجٹ میں سے پونے 13کروڑ روپے کی رقم سکندرحیات سپورٹس سٹیڈیم کوٹلی کے دیرینہ ترقیاتی منصوبے کی تکمیل کیلئے منظور کی گئی ہے جس اس منصوبے کے فیزIکیلئے آئندہ دوسال میں خرچ کیا جائیگا۔ حکومت کے محکمہ سپورٹس، یوتھ اینڈ کلچر کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق پونے تیرہ کروڑ روپے کی اس رقم میں سے 35ملین روپے کی رقم اور اور بقیہ رقم دوسرے سال میں خرچ کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق یہ منصوبہ جو اب حکومت آزادکشمیر کے نارمل ترقیاتی بجٹ پر آچکا ہے اور اس کیلئے حکومت آزادکشمیر کی طرف سے ضلع کوٹلی میں حدود بلدیہ میں 113کنال اراضی الاٹ کی گئی ہے کی تکمیل اب حکومت آزادکشمیر کی ذمہ داری ہوگی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پہلے پی سی ون کے مطابق اس منصوبے کیلئے کل رقم سے 88ملین روپے کی رقم کشمیر کونسل نے حکومت آزادکشمیر کو فراہم کرنی تھی جبکہ اس کی طرف سے صرف68ملین روپے کی رقم فراہم کی گئی تھی اور بقیہ 20ملین روپے مہیا نہیں کیے گئے تھے ۔

ذرائع کے مطابق حکومت آزادکشمیر کی خصوصی دلچسپی خاص کر وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدرخان نے اے سی ایس ترقیات ڈاکٹر سید آصف حسین اور سیکرٹری سپورٹس یوتھ ایند کلچر کی خصوصی دلچسپی سے اس اہم عوامی اہمیت کے منصوبے کے پہلے فیز کی تکمیل کیلئے اب پونے 13کروڑ روپے کی منظوری دی گئی جس کا کام آئندہ ماہ جولائی اگست میں شروع ہوجائیگا۔بالخصوص اس تیرہ چودہ سالہ دیرینہ زیر تکمیل منصوبے پر دوبارہ کام کیلئے فنڈز کی منظوری کے سلسلے میں سیکرٹری سپورٹس راجہ محمد عباس خان نے گزشتہ ایک سال کے دوران بڑی فعال اور موثر کوشش کر کے اسکو ممکن بنایا ہے ۔

ذرائع کے مطابق سردار سکندر حیات خان کی حکومت نے آزادکشمیر کے دیگر کئی اہم اور بڑے ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ2004میں اس منصوبے کی بھی منظوری دی تھی لیکن اس کے بعد2016تک آنے والی زیادہ ترحکومتوں نے کام آگے بڑھانے کے بجائے نہ صرف التواء میں رکھا بلکہ2012میں اس کو بند کر دیا تھا۔