دُبئی: اسلام مخالف ٹویٹ پر مشہور شیف کو نوکری سے برخاست کرنے کا مطالبہ زور پکڑ گیا

امارات میں مقیم بھارتی باشندے اتُل کوچھڑ نے پریانکا چوپڑا کے ٹوِیٹ کے جواب میں قابلِ اعتراض ٹویٹ کیا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 12 جون 2018 14:45

دُبئی: اسلام مخالف ٹویٹ پر مشہور شیف کو نوکری سے برخاست کرنے کا مطالبہ ..
دُبئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12جُون 2018ء) متحدہ عرب امارات کے باسیوں کی جانب سے دُبئی کے جے ڈبلیو میریٹ مارکیوز ہوٹل میں واقع رنگ محل انڈین ریسٹورنٹ کے ہیڈ شیف اتُل کوچھڑ کو اس کے اسلام مخالف ٹویٹ پر نوکری سے برخاست کرنے کا پُرزور مطالبہ سامنے آ یا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بالی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑہ کی جانب سے انگلش سیریز کوانٹیکو کی ایک قسط میں ہندو قوم پرستوں کو دہشت گرد کہنے کے حوالے سے ٹویٹر پر وضاحت پیش کی گئی تھی۔

جس پر ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے اتُل کوچھڑ نے لِکھا تھا ’’بہت افسوس کی بات ہے کہ تم (پریانکا چوپڑا) نے اُن ہندوؤں کے جذبات کا احترام نہیں کیا جو پچھلے دو ہزار سال سے اسلام کے ہاتھوں خوف اور دہشت کا نشانہ بنتے آ رہے ہیں۔ تمہیں شرم آنی چاہیے۔

(جاری ہے)

‘‘ بعد میں کوچھڑ نے یہ ٹویٹ ڈیلیٹ کر دیا اور ایک معذرت خواہانہ بیان درج کیا کہ جذبات کی رو میں اُس سے بہت فاش غلطی ہو گئی تھی۔

اس نے اس بارے میں مزید لِکھا ’’میں اپنے ٹویٹ پر کوئی وضاحت پیش نہیں کروں گا۔حالانکہ اسلام 1400 سال پہلے وجود میں آیا تھا مگر میں نے غلطی کرتے ہوئے اسے دو ہزار سال پُرانا مذہب قرار دے دیا۔ میں پُورے خلوص کے ساتھ معذرت خواہ ہوں۔ مجھے اسلام سے قطعاً کوئی چِڑ نہیں ہے۔ اور اپنے اُن کمنٹنس پر معذرت کرتا ہوں جن سے کئی لوگوں کے جذبات کے ٹھیس پہنچی ہے۔

‘‘مگر اس معذرت خواہانہ بیان سے پہلے ہی کوچھڑ کو اچھی خاصی تنقید کا نشانہ بنا جا چکا تھا اور ہوٹل انتظامیہ سے مطالبہ کیا جا رہا تھا کہ کوچھڑ کو نوکری سے فارغ کر دیا جائے۔ جبکہ کچھ سوشل میڈیا صارفین نے کوچھڑ کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر ہوٹل انتظامیہ کو بھی آڑے ہاتھوں لیا ہے۔بہت سارے صارفین کا کہنا تھا کہ وہ اس ٹویٹ کے خلاف احتجاجاً ہوٹل کا بائیکاٹ کر دیں گے۔

ایک شخص نے فیس بُک پر کمنٹ کرتے ہوئے کہا کہ مشہور شیف نے اپنا اصل رُوپ ظاہر کر دیا ہے۔ میں اس ہیڈ شیف کا نسل پرستی پر مبنی ٹویٹ پڑھنے کے بعد کبھی اس ہوٹل میں کھانا نہیں کھاؤں گا۔ مشہور کمنٹیٹر اور عرب صحافی خالد المعینہ نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا: ’’تم (کوچھڑ) نے مجھے مشتعل کر دیا ہے۔ اُس شخص کو۔۔۔ جو بھارت اور بھارتی عوام سے ذات و مذہب کی تخصیص کیے بغیر محبت کرتا ہے۔ ایک سیکولر اور لبرل کے طور پر‘ یہ حقیقت میں ایک دہشت سے بھرا بیان ہے۔‘‘ جبکہ ایک ٹویٹر صاف علی نے ٹویٹ کرتے کہا کہ اُس نے اگلے ماہ کوچھڑ کے ریسٹورنٹ میں اپنی شادی کی تقریب کا کھانا منسوخ کر دیا ہے۔