نئے سینٹرل کنٹریکٹس میں کئی کھلاڑیوں کو بری خبر ملنے کا امکان

نئے سینٹرل کنٹریکٹ کو ورلڈ کپ کی مناسبت سے تشکیل دیا جائے گا

منگل 12 جون 2018 15:01

نئے سینٹرل کنٹریکٹس میں کئی کھلاڑیوں کو بری خبر ملنے کا امکان
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 جون2018ء) دو ہفتے بعد لاہور میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر ، چیف سلیکٹر انضمام الحق، ڈائر یکٹر کرکٹ ہارون رشید اور ڈائر یکٹر گیم ڈیولپمنٹ مدثر نذر سے ملاقات میں نئے سینٹرل کنٹریکٹ کے لئے کھلاڑیوں کی فہرست کو حتمی شکل دیں گے۔ گذشتہ سال35 سال کھلاڑیوں سے بورڈ نے ایک سال کے لئے معاہدہ کیا تھا۔

نئے سینٹرل کنٹریکٹ کو ورلڈ کپ کی مناسبت سے تشکیل دیا جائے گا۔ پی سی بی نے کھلاڑیوں کے معاوضوں میں اضافہ اور معاہدے میں کرکٹرز کی تعداد کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تقریباً 25 کھلاڑیوں سے ایک سال کے لئے معاہدے کئے جائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم انتظامیہ نے ورلڈ کپ کے لئے کھلاڑیوں کا پول تشکیل دے دیا ہے۔ ان میں سے زیادہ تر کھلاڑی سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل ہوں گے۔

(جاری ہے)

سکاٹ لینڈ سے مکی آرتھر ایک ہفتے کے لئے آسٹریلیا جائیں گے تاہم انہوں نے سینٹرل کنٹریکٹ کے لئے کپتان سرفراز احمد سے بھی مشاورت کی ہے۔ نئے معاہدوں کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔ کرکٹرز کے موجودہ کنٹریکٹ 30 جون کو ختم ہو رہے ہیں۔ کھلاڑیوں کی تعداد کم کر کے معاوضہ بڑھانے کی وجہ انہیں غیر ملکی لیگز سے دور رکھنا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل نہ ہونے والے کرکٹرز باآسانی غیر ملکی لیگز میں شرکت کر سکیں گے تاہم انہیں اس کےلئے کمیٹی سے خصوصی اجازت درکار ہوگی۔

کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں اور پالیسی کا باقاعدہ عید کی بعد کیا جائے گا۔ پاکستانی ٹیم کے نئے فزیو سکاٹ لینڈ سے لاہور آکر ان فٹ کھلاڑیوں بابر اعظم، یاسر شاہ، عماد وسیم، رومان رئیس اور دیگر کا چیک اپ کریں گے ،ان کھلاڑیوں کو پاکستان ٹیم میں شامل ہونے سے پہلے فٹنس ٹیسٹ پاس کرنا ہوگا