شفاف انتخابات کی صورت میں مسلم لیگ (ن ) کی جیت یقینی ہے‘ ڈاکٹر محمود الحسن راجہ

منگل 12 جون 2018 15:24

کوٹلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ نون آزاد کشمیر کے رہنما، حلقہ چڑہوئی سے ٹکٹ کے امیدوار ، سیکریٹری ریٹائیرڈ ڈاکٹر محمود الحسن راجہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں شفاف انتخابات کی صورت میں مسلم لیگ نون کی جیت یقینی ہے ۔ اداروں کی بے جا مداخلت اور پری پول رگنگ الیکشن کی شفافیت پر سوال ہے۔۔ راجہ فاروق حیدر کی ہدایات پر مہاجرین مقیم پاکستان کے حلقہ جات میں جا کر لیگی امیدواروں کی الیکشن مہم چلائیں گے ۔

پارٹی نے جس بھی حلقے سے ٹکٹ دیا الیکشن لڑوں گا ۔ ان خیالات کا اظہار انھوںنے اپنی رہائشگاہ پر اراکین پریس کلب کے اعزاز میں منعقدہ افطار ڈنر کے دوران مختلف سوالات کے جواب دیتے ہوئے کیا ۔ انھوں نے کہا کہ مسلم لیگ نون عوامی قوت ہے جو جمہوریت کی بقا اور ملکی ترقی کی ضامن ہے ۔

(جاری ہے)

اگر الیکشن پراسیس مکمل شفاف ہو تو ن لیگ کلین سویپ کر جائے ۔

لیکن اداروں کی بے جا مداخلت اور الیکشن سے قبل شریف خاندان کے خلاف انتقامی کاروائیاں اس بات کی غماز ہیں کہ ملک میں شفاف انتخابات ممکن نہیں ۔ پھر بھی مسلم لیگ ن مردانہ وار حالات کا مقابلہ کر رہی ہے ۔ صدر جماعت و وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان کی ہدایات پر مہاجرین مقیم پاکستان کے حلقہ جات میں جا کر لیگی امیدوارو ں کی انتخابی مہم چلائیں گے ۔

راجہ فاروق حیدر اور دیگر پارٹی عمائدین اس ضمن میں جو ذمہ داری لگائیں گے وہ پوری کریں گے ۔ ۔ انھوںنے کہا کہ جمہوریت اور ترقی کے دشمن ناکام ہونگے ۔ اقتدار آنی جانی چیز ہے ۔ جمہوریت اور ملکی ترقی جاری رہنے چاہییں ۔ میا ں نواز شریف جمہوریت کی بقا اور ملکی ترقی کی جنگ لڑ رہے ہیں ۔ انھوںنے کہا کہ مسلم لیگ کے نظریات سے متاثر ہو کر ن لیگ میں شامل ہوا ۔

حلقہ چڑہوئی سے الیکشن لڑنے کا خواہشمند ہوں ۔ کوٹلی حلقہ ایک کا آپشن بھی موجود ہے ۔ صدر جماعت راجہ فاروق حیدر اور پارٹی قیادت کی صوابدید پر ہوں ۔پارٹی قیادت جس حلقے سے ٹکٹ دے گی وہیں سے لڑوں گا ۔ اگر پارٹی ٹکٹ نہیں دیتی تو بھی پارٹی کے اندر رہ کر پارٹی کے لے کام کروں گا ۔ کیونکہ مجھے ایم ایل اے بننے کی کوئی خواہش نہیں ۔ میں پارٹی اور عوام دونوں کی خدمت کرنا چاہتا ہوں ۔ ۔۔