انتخابات 2018: الیکشن کمیشن کو 19 ہزار 8 کاغذات نامزدگی فارم موصول

امیدواروں کی حتمی تفصیلات کاغذات نامزدگی کا مکمل ڈیٹا ملنے پر جاری کی جائیں گی ،ْ ترجمان الیکشن کمیشن

منگل 12 جون 2018 15:34

انتخابات 2018: الیکشن کمیشن کو 19 ہزار 8 کاغذات نامزدگی فارم موصول
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2018ء) عام انتخابات 2018 کے سلسلے میں الیکشن کمیشن کو 19 ہزار 8 کاغذات نامزدگی فارم موصول ہوچکے ہیں جن کی اسکروٹنی کا عمل منگل کوجاری رہا ۔ ترجمان الیکشن کمیشن الطاف خان کے مطابق کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی کے لیے اسٹیٹ بینک، ایف بی آر اور دیگر اداروں سے ڈیٹا ملنے کا سلسلہ جاری ہے اور مکمل ڈیٹا ملنے کے بعد امیدواروں کی حتمی تفصیلات جاری کی جائیں گی۔

الیکشن کمیشن سندھ کو 4 ہزار 972 کاغذات نامزگی موصول ہوئے جن میں قومی اسمبلی کی نشستوں کیلئے ایک ہزار 346 اور صوبائی اسمبلی کے لیے 3 ہزار 626 نامزدگی فارم شامل ہیں۔ صوبائی الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی میں خواتین کی نشستوں پر 76 اور خواتین کی مخصوص نشستوں کے لیے 213 کاغذات نامزدگی وصول ہوئے۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن سندھ کے مطابق سندھ اسمبلی میں اقلیتوں کی نشستوں کے لیے 110 کاغذات نامزدگی وصول ہوئے۔

بلوچستان میں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل آج سے شروع ہوگیا جو 19 جون تک جاری رہے گا۔ صوبائی الیکشن کمشنر کے مطابق صوبے میں قومی اسمبلی کی 16 نشستوں کیلئے 435 اور صوبائی اسمبلی کے 51 حلقوں کے لیے ایک ہزار 400 کاغذات نامزدگی فارم جمع ہوئے۔بلوچستان میں قومی اسمبلی میں خواتین کی 4 مخصوص نشستوں کیلئے 36 اور خواتین کی 11 مخصوص نشستوں کیلئے 16 کاغذات نامزدگی جمع ہوئے جب کہ صوبائی اسمبلی میں اقلیتوں کی 3نشستوں کیلئے 56 نامزدگی فارم جمع کرائے گئے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں قومی اسمبلی کی تین نشستوں کے لیے 129 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے۔ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق این اے 52 سے 27، این اے 53 کے لیے 63 اور این اے 54 کے لیے 39 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جن کی جانچ پڑتال کا سلسلہ 19 جون تک جاری رہے گا۔