طلباء و طالبات کو میرٹ کے مطابق داخلے دیئے جائیں ،معیاری تعلیم کو یقینی بنایا جائے ،ْسردار مسعود خان

سرکاری جامعات میں اساتذہ کرام اور دیگر عملہ کی تقرریوں اور تبادلوں میں شفافیت کے عمل کو بہر صورت یقینی بنایا جائے ،ْ میرٹ اور گڈ گورننس کا بھرپور خیال رکھا جائے ،ْصدر آزاد کشمیر

منگل 12 جون 2018 16:14

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2018ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ معیاری تعلیم کو یقینی بنایا جائے۔ طلباء و طالبات کو میرٹ کے مطابق داخلے دیئے جائیں اور انہیں ریسرچ کیلئے تمام ضروری تجربہ گاہیں اور لائبریریاں مہیا کی جائیں۔ سرکاری جامعات میں اساتذہ کرام اور دیگر عملہ کی تقرریوں اور تبادلوں میں شفافیت کے عمل کو بہر صورت یقینی بنایا جائے۔

میرٹ اور گڈ گورننس کا بھرپور خیال رکھا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ کشمیر کے وائس چانسلر ڈاکٹر کلیم عباسی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ہے جنہوں نے منگل کو ایوان صدر مظفرآباد میں صدر سے ملاقات کی ۔ صدر مسعود نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی کے مین کیمپس کیلئے ایک آڈیٹوریم کی تعمیر کی جلد منصوبہ بندی کی جائے اور جامعہ کے اندر تین نئے مضامین جن میں ابلاغ عامہ، بین الاقوامی امور اور سیر و سیاحت کا اجراء کیا جائے اور اس سلسلہ میں نئے تعلیمی بلاک تعمیر کیے جانے کی فوری منصوبہ بندی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

آزاد کشمیر کے اندر سیر و سیاحت کا بے پناء potential موجود ہے۔ اللہ تعالیٰ نے کشمیر کو بے پناہ قدرتی حسن سے نوازا ہے۔ ہم آزاد کشمیر میں سیروسیاحت کی صنعت کو مستحکم بنا کر آزاد کشمیر کی ریاستی آمدنی میں خاطر خواہ اضافہ کر سکتے ہیں۔ جامعات میں اس مضمون کے اجراء کے بعد فارغ التحصیل طلباء و طالبات اس صنعت کیلئے قیمتی سرمایہ ثابت ہوں گے۔ صدر نے کہا کہ آج کا دور جدید ابلاغ عامہ کا دور ہے اور ہماری جامعات میں اس مضمون کا اجراء کیا جانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

ہمارے طلباء و طالبات دنیا کا مقابلہ اسی صورت کر سکتے ہیں کہ وہ ان جدید مضامین میں دسترس رکھتے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمارے اردگرد کیا ہو رہا ہے۔ دنیا میں ملکوں کے مابین تعلقات میں کیا تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں۔ نئی نسل کو دنیا کے بارے میں صحیح آگاہی کیلئے (I.R) بین الاقوامی تعلقات کے مضامین پڑھائے جانے کی بھی اشد ضرورت ہے۔ ہماری آئندہ پڑھی لکھی نسل مسئلہ کشمیر کو بھی صحیح طور سمجھ کر اسے بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے کردار ادا کر سکتی ہے۔

صدر گرامی نے اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر کلیم عباسی سے کہا کہ وہ جامعہ کشمیر کے نیلم سب کیمپس کے لیے تعلیمی اور انتظامی بلاکس کی تعمیر کیلئے پلاننگ کمیشن آف پاکستان سے فوری رابطہ کریں اور اس سلسلہ میں تمام ضروروی امور کو جلد از جلد یکسو کریں۔ ڈاکٹر کلیم عباسی نے صدرگرامی کو جامعہ کشمیر کے چھتر کلاس کیمپس کی تعمیر کے حوالے سے بھی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مذکورہ کیمپس کی تعمیر کا کام ترکی کی ایک کمپنی کے زیر نگرانی تیزی سے اعلیٰ معیار کے مطابق ہو رہا ہے۔