اُدھمپور جیل سمیت بھارت کی جیلوں میں نظربند کشمیریوں کے ساتھ ظالمانہ سلوک کیا جارہا ہے ،ْ مسلم لیگ

انسانی حقوق کے عالمی ادارے کشمیری نظربندوں کی رہائی کے لیے اپنا اثرو رسوخ استعمال کریں ،ْبیان

منگل 12 جون 2018 16:14

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2018ء) مقبوضہ کشمیر میںمسلم لیگ جموں وکشمیر نے کہا ہے کہ اُدھمپور جیل سمیت بھارت کی مختلف جیلوں میں نظربند کشمیری حریت پسندوں کے ساتھ رمضان کے مقدس مہینے میں بھی بدترین اور ظالمانہ سلوک کیا جارہا ہے ۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مسلم لیگ کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ اُدھمپور جیل میں نظربند کشمیریوں کو اپنے عزیز و اقارب سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جارہی اور عبادت کرنے پرپابندیوں عائد کی جارہی ہیں جبکہ نظربندوں کو طبی سہولیات سے محروم رکھا جارہا ہے اور غیر معیاری غذا اور گندہ پانی فراہم کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ جیل انتظامیہ نظربندوں کے ساتھ ا انسانیت سوز سلوک کرکے ابو غریب اور گوانتاناموبے جیسی بدنام زمانہ جیلوں کے ریکارڈبھی توڑ رہی ہے اور ڈاکٹر محمد قاسم فکتو اور سوپور سے تعلق رکھنے والے فیروز احمد ڈارکو اخلاقی مجرموں کے ساتھ رکھناجہاں گرمی سے بچنے کا کوئی خاطر خواہ انتظام بھی نہیں اس کی واضح مثالیں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سحری اور افطاری کے وقت انہیں غیر معیاری اور بدبودار غذا فراہم کی جارہی ہے جس کی وجہ سے ان کی صحت تشویشناک حد تک بگڑ چکی ہے ۔

ترجمان نے کہاکہ ڈاکٹر قاسم کی بینائی بری طرح متاثر ہوچکی ہے جبکہ فیروز احمد ڈارکوبیت الخلا ء جانے کے لیے چارچار آدمیوںکے سہارے کی ضرورت پڑتی ہے۔ترجمان نے کہاکہ یہ صرف اُدھم پور جیل کی کہانی نہیں بلکہ بھارت کی دیگرجیلوں میں بھی کشمیری نظربندوںکے ساتھ یہی سلوک کیا جارہا ہے اور ان کی زندگی اجیرن بنا دی گئی ہے۔ترجمان نے انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ کشمیری نظربندوں کی حالت زار کا نوٹس لیں اور ان کی رہائی کے لیے اپنا اثرو رسوخ استعمال کریں۔