مقبوضہ کشمیر، یتیموں ، بیوائوں، لاپتہ افراداور نظربندوں کے لواحقین کو عید کی خوشیوں میں شامل کرنے کی اپیل

منگل 12 جون 2018 16:14

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2018ء) مقبوضہ کشمیر میں وائس آف وکٹمز نے کشمیری عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ رمضان المبارک کے دوران اور عید کے موقع پر زکوٰة و صدقات دیتے وقت تحریک آزادی کشمیر کے متاثرین کو نہ بھولیں اور انہیں عید کی خوشیوں میں شامل کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق وائس آف وکٹمز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عبدالقدیر ڈار نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مقبوضہ علاقے میں ہزاروں یتیم ، بیوائیں، نادار اور لاپتہ افراد کے لواحقین موجود ہیںجن کے کوئی ذرائع آمدن نہیںاور اللہ کے سوا ان کی کوئی مدد کرنے والا نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین دہائیوں کے دوران ہزاروں افراد کو گرفتارکرکے لاپتہ کیاگیااورہزاروں کو یتیم اور بیوہ بنایاگیاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہمارے ہزاروں نوجوانوں کو آنکھوں کی بینائی سے محروم کیاگیاجبکہ اربوں روپے مالیت کی املاک تباہ کی گئی۔ انہوںنے کہا کہ سینکڑوں افراد کشمیر اور بھارت کی جیلوں میں نظربند ہیںاور ہمیں عید کے موقع پرانہیں اور ان کے اہلخانہ کو یاد رکھنا چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ بحیثیت مسلمان اور ذمہ دار شہری کے عیدسے پہلے ضرورتمندوںتک پہنچناہماری اخلاقی ذمہ داری ہے تاکہ ان کو بھی عید کی خوشیوں میں شامل کیا جاسکے۔