اس عید پر مجھے اسٹیج ڈرامہ کرنے کے لیے تھیٹر نہیں دیا جارہا،زاہد شاہ

منگل جون 16:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 جون2018ء) پاکستان کے معروف ڈائریکٹر پروڈیوسر وبانی زیڈ بی آرٹ پروڈکشن زاہد شاہ نے کہاہے کہ اس عید پر میرا کوئی ڈرامہ اس لیے نہیں آرہا کہ مجھے اس بار ڈرامہ کرنے کے لیے کوئی تھیٹر نہیں ملا ہے ،میں نے اس شہر کی روشنیوں لوٹانے میں اپنا خون بہایا ہے ،،پاکستان کی بے شمار فلموں اور ڈراموں میں بڑے بڑے نام میری ڈائریکشن میں کام کرچکے ہیں مگر مجھے ایک ساز ش کے تحت اس بار اپنا ڈرامہ پیش کرنے نہیں دیا جارہاہے ۔

جن کا اس شعبے سے تعلق نہیں ہے جن کا پروڈیوسر یا ڈائریکٹر کے نام سے دور دور تک واسطہ نہیں ہے وہ آرٹس کونسل کراچی میں ایک سال پہلے ہی اپنی چاپلوسیوں کی وجہ سے تاریخیں لے لیتے ہیں اور پھر باہر جاکر ایسے لوگ پروڈیوسروں کو ڈھونڈتے ہیں تاکہ ان ڈراموں کی ڈیٹوں کو ڈبل قیمت میں بیچ دیا جائے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انہوںنے زیڈ بی آرٹ کے آفس میں صحافیوں سے ہونے والی گفتگو میں کیا،انہوںنے کہا کہ یہ کام ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کیا جارہاہے اوراس میں کون کون لوگ شامل ہیں اسے آرٹس کونسل کراچی کے سبھی لوگ اچھی طرح سے جانتے ہیں ،موجودہ کلچر کسی المیے سے کم نہیں ہے ہماری درخواست ہے کہ اس طرح کے معاملات کو روکا جائے اور ان لوگوں کو ڈراموں کی ڈیٹس دی جائیں جو اس کے حقیقی حق دار ہیں ۔

انہوںنے کہاکہ میرے ڈر اموں کی کاسٹوں میں پاکستان کے بڑے بڑے لیجنڈ اداکاروں نے کام کیاہے ،جن میں فلمسٹار میڈم سنگیتا،منور سعید ،راحیلہ آغا،نرگس،نسیم وکی ،زوالقرنین حیدر،شکیل صدیقی ،روف لالہ ،سکندرصنم اور جان ریمبو سمیت بے شمار اسٹیج اور فلمی دنیا سے تعلق رکھنے والے فنکار شامل ہیں ،میرے ڈراموں میں امن کا چھکا ،آج کا ہیرو کون ،بیٹی رانی ،پیاری ماں،بکرا بدتمیز او ر بکرا کون بنے گا جیسے مشہور ڈراموں نے پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن کیاہے ۔