پیپلز پارٹی 2018ء کے انتخابات میں بھر پورکامیابی حاصل کریگی ،پیپلز پارٹی بلوچستان

ٹکٹ نہ ملنے پردوسری پارٹی میں جانے والے فصلی بٹیروں کاکوئی مستقبل نہیں ہے ، ترجمان

منگل جون 17:07

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 جون2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے ترجمان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی 2018ء کے انتخابات میں بھر پورکامیابی حاصل کریگی ٹکٹ نہ ملنے پردوسری پارٹی میں جانے والے فصلی بٹیروں کاکوئی مستقبل نہیں ہے پیپلز پارٹی آج بھی ملک کی سب سے بڑی سیاسی و جمہوری جماعت ہے جو جمہوری طریقے سے عوام کے حقوق کیلئے جدوجہد کررہی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے بلوچستان سے قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر میرٹ کے مطابق امیدواروں کو ٹکٹ جاری کئے ہیں کسی کے ساتھ کوئی ناانصافی نہیں کی گئی ۔ترجمان نے کہا کہ نیب زدہ افراد کو پارٹی ٹکٹ جاری نہیں کئے گئے جس کے باعث بعض فصلی بٹیروں نے رات کے اندھیرے میں بننے والی جماعت میں شمولیت کا اعلان کیا جس کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ بلوچستان کو پاکستان پیپلز پارٹی کا قلعہ بنانے کے لئے ہر جیالا متحرک ہو چکا ہے اور آئندہ عام انتخاب میں پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان بھر سے کامیابی حاصل کریگی ۔ترجمان نے کہا کہ آنے والا وقت پیپلز پارٹی کا ہے عام آدمی کے مسائل کا حل صرف پیپلز پارٹی کی قیادت کے پاس ہے شریفوں اور نیازی کے پاس سوائے نعروں کے کچھ نہیںہے۔ ترجمان نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی میں کارکنوں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں پیپلز پارٹی کو ہمیشہ ختم کرنے کی کوششیں کی جاتی رہیں لیکن پیپلز پارٹی کو چھوڑ کر جانے اور پارٹی کو ختم کرنے والے خود ختم ہوگئی پیپلز پارٹی آج بھی عوام کے دلوں پر راج کرتی ہے۔