قرآن کو جس قوم نے بھی تھاما اور اس سے رشد و ہدایت لی ، وہ قوم دنیا میں سربلندی ہوئی ‘حافظ محمد ادریس

حکمران عالمی قوتوں کی غلامی چھوڑ کر اللہ اور رسول ؐ کی غلامی اختیار کرلیں تو ذلت و خواری سے بچ سکتے ہیں ‘نائب امیر جماعت اسلامی

منگل 12 جون 2018 17:07

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2018ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس نے کہاہے کہ قرآن کو جس قوم نے بھی تھاما اور اس سے رشد و ہدایت لی ، وہ قوم دنیا میں سربلندی ہوئی اور اسے عزت و وقار اور تکریم ملی اور جس قوم نے قرآن کی تعلیمات کو پس پشت ڈال دیا ، وہ دنیا میں بھی ذلیل و خوار ہوئی اور آخرت کی ناکامی اور نامرادی سے بھی دوچار ہوگی ،اللہ تعالیٰ نے عزت و وقار اپنے احکامات کی پیروی کرنے والوں کے لیے خاص کر رکھی ہے ،فتح مکہ ، غزہ بدر میں کامیابی ، فتح بیت المقدس سمیت اللہ تعالیٰ نے امت مسلمہ کو تمام بڑی کامیابیاں رمضان المبارک میں دیں ۔

جامع مسجد منصورہ میں ختم قرآن کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ محمدادریس نے کہاکہ پاکستان کا قیام بھی رمضان المبارک کی 27 ویں رات ، لیلة القدر میں ہوا ۔

(جاری ہے)

آج بھی اگر امت عزت و وقار چاہتی ہے تو اسے قرآن کو سینوں سے لگاناہوگا ۔ انہوںنے کہاکہ عالم اسلام کے حکمران عالمی قوتوں کی کاسہ لیسی اور غلامی چھوڑ کر اللہ اور رسول ؐ کی غلامی اختیار کرلیں تو ذلت و خواری سے بچ سکتے ہیں ۔

آج دنیا بھر میں مسلمانوں کا قتل عام ہورہاہے اور مسلمان خزاں کے پتوں کی طرح بے وقعت ہوکر رہ گئے ہیں ۔فلسطین ، کشمیر ، برما ، شام ، عراق اور افغانستان ہر جگہ مسلمانوں کا خون پانی کی طرح بہایا جارہاہے لیکن عالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ایک وقت تھاکہ جب ایک بہن کی پکار پر محمد بن قاسم سمندر کا سینہ چیر کر سندھ پہنچ گیا تھا اور سلطان صلاح الدین ایوبی نے یروشلم پر اسلام کے جھنڈے گاڑ دیے تھے اور ایک وقت یہ ہے کہ ایک بدقماش پرویز مشرف نے قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو خو د اپنے ہاتھوں دشمن کے حوالے کردیا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ یہ پستی اور ذلت صرف قرآن سے دوری کی وجہ سے ہے ۔ امت کی سربلندی کے لیے ضروری ہے کہ ہم سچے دل سے اجتماعی توبہ کریں اور قرآن کو مضبوطی سے تھام کر پوری امت کو متحد کرنے کی کوشش کریں ۔ انہوں نے کہاکہ اتحاد عالم اسلامی میں ہی ہمارے مسائل کا حل ہے ۔ حافظ محمد ادریس نے کہاکہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے امت کی قیادت کی صلاحیت دی ہے مگر کرپٹ اور بددیانت حکمرانوں نے پوری دنیا میں پاکستان کو بدنام کردیاہے ۔انہوں نے کہاکہ قوم اگر موجودہ گھمبیر مسائل سے نجات چاہتی ہے تو اسے 2018ء کے انتخابات میں دینی جماعتوں کے اتحاد، متحدہ مجلس عمل کا ساتھ دینا ہوگا ۔ ایک باکردار اور دیانتدار قیادت ہی ملک و قوم کو مسائل کی دلدل سے نکال سکتی ہے ۔