حب ،ہائیٹ پولیس تھانے کی حدود میں چوروں کا راج ،نجی کمپنی کے ملازمین کی تنخواہیں لانیوالی وین کو مسلح افراد نے دن دیہاڑے لوٹ لیا

منگل 12 جون 2018 17:07

لسبیلہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2018ء) حب کے صنعتی علاقے ہائیٹ پولیس تھانے کے حدود میں چوروں کا راج نجی کمپنی کے ملازمین کی تنخواہیں لانے والی وین کو مسلح افراد نے دن دیہاڑے لوٹ لیا ،ہائیٹ پولیس خاموش تماشائی بن گئی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے سب سے بڑے صنعتی شہر حب کے انڈسٹریل ایریا میں عید قریب آتے ہی چوری کی وارداتوں میں اضافہ ہوتا جارہا ہے ،ہائیٹ پولیس کی غفلت اور نااہلی سے گذشتہ روز دن دیہاڑے ہائیٹ پولیس تھانے کے حدود میں نجی کمپنی کا کیش لانے والی وین کو نامعلوم موٹرسائیکل سوار مسلح افراد نے وین سے چار لاکھ سے زائد نقدی دیدہ دلیری کے ساتھ لوٹ کر باآسانی فرار ہوگئے پولیس ذرائع کے مطابق مذکورہ وین میں کمپنی ملازمین کی تنخوائیں تھیں جس سے اب غریب مزدوروں کا عید ماند پڑنے کا خدشہ ہے دوسری جانب ہائیٹ پولیس کی کارکردگی بالکل نہ ہونے کہ برابر ہے دو ہفتہ قبل اسی تھانے کے حدود میں ڈکیٹی پر مزاحمت سے نوجوان قتل ہوا تھا تاحال اسکے قاتل گرفتار نہ ہوسکے گذشتہ دنوں گلیکسی ٹاؤن چھٹہ محلہ میں گھر کے باہر بیٹھے نوجوان سے مسلح افراد موبائل فون اور نقدی لے گئے تھے ہائیٹ تھانے کے حدود میں دن بدن بڑھتے ہوئے چوری کی وارداتوں سے شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے انہوں نے آئی جی بلوچستان پولیس اور چیف سیکریٹری بلوچستان سے ہائیٹ پولیس کی غفلت اور نااہلی کا نوٹس لے کر شہریوں کی جان و مال کی حفاظت یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔