شیخ رشید اہل ہیں یا نااہل ،ْ سپریم کورٹ میں (کل) فیصلہ سنایا جائے گا

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ پر 2013 کے انتخابات کے کاغذات نامزدگی میں اثاثے چھپانے کا الزام

منگل جون 17:06

شیخ رشید اہل ہیں یا نااہل ،ْ سپریم کورٹ میں (کل) فیصلہ سنایا جائے گا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 جون2018ء) سپریم کورٹ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے اہل یا نا اہل ہونے کا فیصلہ (کل) بدھ کو سنائے گی۔شیخ رشید کی نااہلی کے خلاف درخواست ن لیگی رہنما شکیل اعوان نے دائر کی تھی جس میں ان پر2013 کے انتخابات کے کاغذات نامزدگی میں اثاثے چھپانے کا الزام ہے۔ن لیگی رہنما کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کی تھی۔

سپریم کورٹ نے 20 مارچ کو فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا جو (آج) بروز بدھ سنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما شکیل اعوان کی جانب سے شیخ رشید کی نااہلی کے لیے درخواست دائر کر رکھی ہے جس میں انہوں نے مؤقف اپنایا کہ شیخ رشید نے کاغذات نامزدگی میں اپنے اثاثے چھپائے ہیں۔درخواست میں کہا گیا کہ شیخ رشید نے گھر کی قیمت ایک کروڑ 2 لاکھ ظاہر کی جبکہ گھر کی بکنگ 4 کروڑ 80 لاکھ سے شروع کی گئی تھی۔درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ فتح جنگ کے موضع رامہ میں زمین زیادہ لیکن کاغذات میں کم ظاہر کی گئی ہے۔۔ریکارڈ کے مطابق شیخ رشید کی زمین ایک ہزار 81 کنال ہے لیکن انہوں نے کاغذات نامزدگی میں 968 کنال اور13مرلہ ظاہر کی ہے۔