چیف کمشنر اسلام آباد کی زیر صدارت اسلام آباد انتظامیہ اور سی ڈی اے کا مشترکہ اجلاس ،شہر میں تجاوزات کے خاتمہ کیلئے جاری مہم کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا

منگل 12 جون 2018 17:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2018ء) چیف کمشنر اسلام آباد آفتاب اکبر درانی کی زیر صدارت اسلام آباد انتظامیہ اور سی ڈی اے کا ایک اعلیٰ سطح مشترکہ اجلاس منگل کو منعقد ہوا جس میں اسلام آباد میں تجاوزات کے خاتمہ کیلئے جاری مہم کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ چیف کمشنر اسلام آباد نے تجاوزات کے خاتمہ کیلئے ٹیموں کو ہدایت کی کہ ایکشن پلان پر عملدرآمد کی رفتار تیز کریں۔

اجلاس میں مختلف مقامات پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کے بارے حکمت عملی وضع کی گئی اور ایکشن پلان پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن کامیابی سے جاری ہے۔ سی ڈی اے نمائندہ نے بتایا کہ جہاں جہاں تجاوزات کا ختم کیا گیا ہے وہاں سی ڈی اے ویجلینس ٹیمیں تشکیل دی ہیں اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ اب وہاں تجاوزات نہ ہوں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کیپٹن (ر) مشتاق احمد ، ڈائریکٹر ایڈمن عاصم ایوب، ڈائریکٹر فنانس سید نجف اقبال اور سی ڈی اے کے نمائندوں نے شرکت کی ۔ چیف کمشنر اسلام آباد نے ٹیموں کو ہدایت کی کہ عید کے بعد فٹ پاتھوں سے تربوز کے ڈھیروں کو بھی ہٹایا جائے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اسلام آباد شعیب علی نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ اسلام آباد انتظامیہ، پولیس کی ٹیمیں سی ڈی اے کو بھرپور معاونت فراہم کر رہی ہیں اور تجاوزات کے خلاف آپریشن میں مکمل کوآرڈینیشن یقینی بنایا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :