نگران وزیراعلیٰ پنجاب سے ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل اظہر نوید حیات کی ملاقات

قیام امن اور سرحدوں کی حفاظت کیلئے رینجر ز کے افسروں اورجوانوں کی خدمات لائق تحسین ہیں ‘ڈاکٹرحسن عسکری

منگل 12 جون 2018 17:24

نگران وزیراعلیٰ پنجاب سے ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل اظہر نوید حیات ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2018ء) نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹرحسن عسکری سے وزیراعلیٰ آفس میں ڈی جی رینجرزپنجاب میجر جنرل اظہر نوید حیات نے ملاقات کی۔ نگران وزیراعلیٰ ڈاکٹرحسن عسکری نے قیام امن اور سرحدوں کی حفاظت کیلئے رینجرز کے افسروں اورجوانوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اورکہا کہ ملکی دفاع اورامن وامان کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے رینجر ز کے افسروں اورجوانوں کی خدمات لائق تحسین ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ پاکستان کے عوام کوملک کے دفاع اورقیام امن میں مصروف عمل رینجرز کے بہادر افسروں اورجوانوںکی خدمات پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دے کر نئی تاریخ رقم کی ہے اور دنیا کی تاریخ میں پاکستان کی عظیم قربانیوں کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال کامیابیاں ملی ہیں اور پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا کہ امن ترقی اور خوشحالی کا ضامن ہے اور نگران حکومت پرامن ماحول میں شفاف انتخابات کرانے کیلئے پرعزم ہے۔ ووٹرز کو پرامن ماحول میں آزادانہ طور پر حق رائے دہی کے استعمال کو یقینی بنانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔