صوبائی الیکشن کمشنر کی آئی جی کو الیکشن کمیشن کی سکیورٹی فول پروف بنانے کی ہدایت

اے ڈی خواجہ کی الیکشن میں طلبی ،آئی جی سندھ کی گزشتہ روز کی صورت حال پر معذرت کا اظہار ،انتظامات کو بہتر بنانے کی یقین دہانی عاصمہ رضوی پر الیکشن کمیشن نے مقدمہ درج کروایا ہے،الیکشن کے انعقاد میں کسی سیاسی پارٹی کا دباو قبول نہیں کیا جائے گا،یوسف خان خٹک

منگل 12 جون 2018 17:24

صوبائی الیکشن کمشنر کی آئی جی کو الیکشن کمیشن کی سکیورٹی فول پروف ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2018ء) صوبائی الیکشن کمشنر سندھ یوسف خان خٹک نے آئی جی سندھ کو الیکشن کمیشن کی سکیورٹی فول پروف بنانے کی ہدایت کی ہے ۔منگل کو آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے صوبائی الیکشن کمیشن کے دفتر میںصوبائی الیکشن کمشنر یوسف خٹک سے ملاقات کی ۔انہوںنے گزشتہ روز ہونے والے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا اور الیکشن کمیشن کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔

اس موقع پر یوسف خان خٹک نے سکیورٹی صورت حال پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کی آمد آمد ہے اور سکیورٹی کا یہ حال ہے ۔پولیس کی نفری مطلوبہ تعداد میں موجود کیوں نہیں تھی ۔سندھ پولیس صوبے بھر میں الیکشن کمیشن دفاتر کی سکیورٹی کو بڑھائے ۔دوبارہ ایسی صورت حال ہوئی تو سخت ترین ایکشن لیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

آئی جی سندھ نے گزشتہ روز کی صورت حال پر معذرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن اور دیگر انتخابی دفاتر کی سکیورٹی بڑھارہے ہیں ۔

انتظامات کو مزید بہتر کیا جائے گا ۔بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی الیکشن کمشنر محمد یوسف خان خٹک نے کہا کہ آئی جی سندھ کی طلبی کا مقصدانھیں ان کی ذمہ داری یاد دلانا تھا ۔آئی سندھ نے نفری کی تعیناتی نہ ہونے پر معذرت کی ہے ۔آئی سندھ نے یقین دلایا ہے کہ خواتین پولیس اہلکاروں سمیت پولیس کی تعیناتی کی شکایت اب نہیں ہوگی۔کل میرے آفس کا شیشہ توڑنے والی خاتون عاصمہ رضوی پر الیکشن کمیشن نے مقدمہ درج کروایا ہے ۔

الیکشن کے انعقاد میں کسی سیاسی پارٹی کا دباو قبول نہیں کیا جائے گا۔سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ اپنے کارکنوں کی تربیت کریں۔انہوںنے کہا کہ کراچی میں قومی اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر 33 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کیے گئے ہیں ۔صوبائی اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشستوں پر 10 امیدواروں کے کاغذات منظور کیے گئے ہیں ۔سندھ میں اقلیتی امیدواروں کے جانچ پڑتال کے بعد پہلے روز 10 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور ہوئے ۔