بنیادی سہولیات کی فراہمی کے عمل میں کسی کو رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے،میئر کراچی

صحت مند تفریح کے مواقع فراہم کئے بغیر صحت مند معاشرے کا قیام کیسے ممکن ہے، موجودہ بلدیاتی قیادت ہر قیمت پر اپنی ذمہ داری پوری کرے گی ،وسیم اختر

منگل 12 جون 2018 17:34

بنیادی سہولیات کی فراہمی کے عمل میں کسی کو رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ جیسے بھی حالات ہوں شہر میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے عمل میں کسی کو رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے، صحت مند تفریح کے مواقع فراہم کئے بغیر صحت مند معاشرے کا قیام کیسے ممکن ہے، موجودہ بلدیاتی قیادت ہر قیمت پر اپنی ذمہ داری پوری کرے گی ، شہر کے بڑے پارکوں کو درست حالت میں لانے کے لیے تر قیا تی کا م جاری ہیں،آئندہ ماہ تک شہر کے کئی پارکوں کی تزئین وآرائش مکمل کرلیں گے، کراچی میں جاری شجرکاری مہم میں پارکوں میں بھی بڑے پیمانے پر درخت لگائے جائیں گے،یہ بات انہوں نے ہل پارک، جھیل پارک، نارتھ کراچی شاہین گرائونڈ اور ملیر سعود آباد میں واقع پارکوں کا چار گھنٹے طویل دورہ کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر پارکس کمیٹی کے چیئرمین خرم فرحان ، ڈائریکٹر جنرل پارکس اور کے ایم سی کے افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی نے کہا کہ پارکس شہر کا جھومر ہیں اور شہر کی خو ب صورتی میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ غریب اور متوسط طبقے کے لئے تفریح کا بہترین ذریعہ ہیں جہاں دن بھر کے تھکے ہارے لوگ اپنی فیملی کے ہمراہ آرام اور سکون کے لمحات گزارنے کے لئے آتے ہیں، انہوں نے کہا کہ پارکس اور کھیل کے میدان شہر یوں کی اما نت ہیں انہیں بنانے کا مقصد سرسبز قطعات اور درختوں میں اضافہ اور شہریوں کو صحت مند تفریح کے مواقع فراہم کرنا ہے لہٰذا شہر میں جہاں بھی پارک اور کھیل کے میدان دستیاب ہیں ان پر کسی کو قبضہ نہیں کر نے دیں گے،انہوں نے کہا کہ ماضی میں مفاد پرست عناصر نے شہر اور شہریوں کے مفاد کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اپنی من مانی کی اور پارکس اور کھیل کے میدانوں پر قبضے کرکے تعمیرات قائم کیں، ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ ان تمام تجاوزات کو فوری کارروائی کرکے ختم کردیا جاتا لیکن بدقسمتی سے ایسا نہیں ہوا اور قبضہ مافیا ایک کے بعد دوسرے پارک اور کھیل کے میدان کو ہڑپ کرتا گیا جس پر ملک کی اعلیٰ عدالتوں نے نوٹس لیا اور شہری اداروں کو اس حوالے سے اپنی ذمہ داری پوری کرنے کی ہدایت کی اوران کی تعمیل میں بلدیہ عظمیٰ کراچی نے ان احکامات پر من و عن عملدرآمد کرتے ہوئے متعدد پارکس اور پلے گرائونڈز میں قائم ہر قسم کی تجاوزات کا خاتمہ کیا اور ان جگہوں کو شہریوں کے لئے بحال کیا، انہوں نے کہا کہ شہر کے وسیع تر مفاد میں پارکس اور کھیل کے میدانوں کو بحال کرنے اور انہیں پہلے سے بہتر حالت میں لانے کا کام جاری رہے گا کیونکہ صحت مند تفریح کے مواقع ہر شہری کا حق ہیں اور ہم کراچی کے شہریوں کو ان کا یہ حق واپس لوٹانے کے لئے پر عزم ہیں، انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال میں پولو گراؤنڈ میں میو ز یکل فاؤنٹین لگانے کے لئے فنڈز مختص کئے گئے ہیں جبکہ دیگر بڑے پارکس میں بھی شہریوں کے لئے سہولیات میں اضافہ کیا جائے گا۔