جڑانوالہ،نجی سیکیورٹی کمپنی سرکاری ہسپتالوں میں تعینات سیکیورٹی گارڈز کی تنخوا ہیں دبا کر نو دو گیارہ ہو گئی

منگل 12 جون 2018 17:36

جڑانوالہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2018ء) نجی سیکیورٹی کمپنی سرکاری ہسپتالوں میں تعینات سیکیورٹی گارڈز کی تنخوا ہیں دبا کر نو دو گیارہ ہو گئی ۔ سیکیورٹی کمپنی کے ملازم تین ماہ کی تنخواہوں سے محروم ۔سیکیورٹی کمپنی کے ملازمین اور ان کے اہل خانہ عید کی خوشیوں میں شامل نہیں ہو سکیں گے۔ ذرائع کے مطابق سابق حکومت نے پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کے لئے نجی سکیورٹی کمپنی پیسفک سے معاہدہ کیا تھا مگر مذکورہ کمپنی نے اپنے ملازمین کو چند ماہ کی تنخواہ دینے کے بعد ان کی تنخواہ روک لی اور تین ماہ کی تنخواہیں تاحال ادا نہیں کیں۔

کمپنی ملازمین نے متعدد مرتبہ تنخواہوں کی ادائیگی کا مطالبہ کیا مگر کمپنی کے کرتا دھرتا لوگ ہمیشہ ٹال مٹول سے کام لیتے رہے ۔

(جاری ہے)

تحصیل ہیڈ کواٹر ہسپتال جڑانوالہ میں اس وقت 21سکیورٹی گارڈ ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں جنہیں ماہ اپریل ،مئی اور جون کی تنخواہوں کی ادائیگی نہیں ہو سکی ۔پرائیویٹ سیکورٹی کمپنی پیسفک کی طرف سے تنخواہوں کی ادائیگی نہ ہو نے کی وجہ سے ان کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ چکے ہیں اور کوئی انہیں ادھار دینے کو بھی تیار نہیں اب جبکہ عید میں صرف دو دن باقی ہیں تنخواہیں نہ ملنے کی وجہ سے سیکورٹی گارڈز کے اہل خانہ عید کی خوشیوں میں شامل نہیں ہو سکیں گے۔

سیکورٹی گارڈز نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری نوٹس لے کر نجی کمپنی کے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنوائیں تاکہ ان کے بچے بھی دوسروں کی طرح عید کی خوشیوں میں شامل ہو سکیں ۔