Live Updates

شہبازشریف کےعمران خان سے26سوالات،عوامی وعدے یاد کروا دیے

کہاں ہیں وہ 350 ڈیمز،250 کالجز، ایک ہزاراسٹیڈیمزاورپورے پاکستان کی بجلی؟ کرپشن ختم ہوئی؟ کیا پارلیمنٹ پرلعنت بھیجنےوالا شخص جمہوری سیاستدان کے زمرےمیں آتا ہے؟ مخلص کارکنان کوٹکٹ دیے؟ پولیس نے افغانستان سےمنشیات اسمگلنگ روک لی؟ امید ہے کہ تحریک انصاف الزام تراشی اورگالی گلوچ کرنےکی بجائے سنجیدہ جواب دےگی۔سابق وزیراعلیٰ اور صدرن لیگ شہبازشریف

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 12 جون 2018 17:49

شہبازشریف کےعمران خان سے26سوالات،عوامی وعدے یاد کروا دیے
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12 جون 2018ء) : پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے پاکستان تحریک انصاف کو ان کے وعدے اور دعوے یاد کرواتے ہوئے 26سوالات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ یہ سوال صرف اور صرف تحریک انصاف کو اس کے عوام سے کیے گئے دعوے اور وعدے یاد دلانے کے لئے کر رہا ہوں۔ امید ہے کہ تحریک انصاف ان سوالوں کے جواب میں الزام تراشی اور گالی گلوچ کرنے کی بجائے سنجیدہ جواب دے گی۔

میاں شہباز شریف نے کہا کہ کیا تحریک انصاف بتائے گی کہکہاں ہیں وہ 350 ڈیم؟ جن کی خان صاحب باتیں کرتے تھے؟ کہاں ہیں وہ مساجد کے اماموں کی تنخواہیں؟ کہاں ہیں وہ مساجد میں سولرسسٹمز؟ کیا وہ 250 کالج بن گئے؟ کہاں ہیں وہ ایک ہزار اسٹڈیم کہاں ہیں؟ پورے پاکستان کو بجلی فراہم کرنے والے منصوبوں کا کیا ہوا؟ کیا آپ بتانا پسند کریں گے کہ کے پی میں وزیر اعلیٰ ہاؤس میں بننے والی یونیورسٹی اور گورنرہاؤس میں بننے والی پبلک لائبریری کو کون سے راستے جاتے ہیں؟ کیا کے پی میں 90 دن میں کرپشن ختم ہو گئی یا خود آپ کی پارٹی کے ارکان اسمبلی ،اعلیٰ حکومتی عہدیدار اور پارٹی عہدیدار کرپٹ نکلے۔

(جاری ہے)

کیا آپ بتائیں گے کہ آپ نے تو پشاور کو پیرس بنانے کا اعلان کیا تھا اور آج آپ کے پانچ سالہ دور میں پشاور دنیا کا دوسرا گندا ترین شہر بن گیا ہے۔ آپ نے اسے میٹرو کے کھنڈرات میں بدل دیا ہے۔آپ بتانا پسند کریں گے کہ آپ کے ٹرین منصوبے کا کیا ہوا؟ کہاں ہیں وہ آپ کے خیبر پختونخوا کو 100 سال تک فائد ہ دینے والے پروجیکٹس؟ کیا آپ بتائیں گے کہ غیر ممالک سے نوکریوں کے لیے آنے والے غیر ملکی کس پردے میں چھپے ہوئے ہیں؟ذرا قوم کو بتائیں کہ خیبر پختونخوا میں احتساب کا حال کیا ہے؟کیا آپ بتائیں گے کہ کیاخیبر پختونخوا میں اقربا پروری ختم ہو گئی؟کیا خیبر پختونخوا میں میرٹ کی دھجیاں اُڑنا بند ہو گئیں یا بڑھ گئیں؟ کیا افغانستان سے پاکستان میں آنے والی ہیروین اور چرس سمیت تمام نشہ آور اشیاء کی اسمگلنگ خیبر پختونخوا کی مثالی پولیس نے روک لی؟کیا تحریک انصاف کے اعلان کے مطابق تحریکِ انصاف میں کرپٹ اور الیکٹ ایبلز کی بجائے پرانے اور مخلص کارکنوں کو ایم این اے اور ایم پی اے کی ٹکٹوں کے ساتھ ساتھ پارٹی کے عہدے دیے دیئے گئے ہیں؟کیاعمران خان نیازی نے سرکاری وی آئی پی پروٹوکول کے ساتھ ساتھ سرکاری املاک کا اپنی ذاتی استعمال سے پرہیز کیا؟کیاعمران خان نیازی نے جھوٹ کی بجائے قوم سے سچ بولا اور یُوٹرن لینا بند کردیے؟ اگر عمران احمد خان نیازی آئین و قانون کا احترام کرتے ہیں تو پھر وہ عدالت سے ساڑھے تین سال تک مفرور اشتہاری کیوں رہے؟ عمران احمد خان نیازی نے پارلیمنٹ سے استعفیٰ دیا، غیر حاضر رہے، پارلیمنٹ پر لعنت بھیجتے رہے، پھر پارلیمنٹ سے تنخواہ کیوں     لیتے رہے؟ کیا پارلیمنٹ پر لعنت بھیجنے والا شخص جمہوری سیاستدان کے زمرے میں آتا ہے؟کیا یہ سچ نہیں کہ نیازی صاحب نے اپنے کُتے کا نام ’ٹائیگر ‘رکھتا ہے اور اپنے کارکنوں کو بھی ’ٹائیگرز‘ کہتے ہیں۔

سیاسی کارکنوں کی اِس سے بڑھ کر توہین کیا ہو سکتی ہے؟ انقلابی رہنما عمران خان نیازی کا فرمان تھا کہ مر جاؤں گا مگر قرضہ نہیں لوں گا پھر اپنے حکومتی صوبے میں 5 سالوں میں ریکارڈ قائم کرتے ہوئے 3 کھرب روپے قرضے کیوں لے لیے؟ کیا یہ حقیقت نہیں کہ 2013ء میں صادق و امین عمران خان نیازی کے اثاثے ڈیڑھ کروڑ تھے جو 2017ء میں بڑھ کر ڈیڑھ ارب کیسے ہو گئے؟ذرا قوم کو بتائیں گے کہ آپ کا ذریعہ آمدنی کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایسے میں میرا تحریک انصاف کے دوستوں سے سوال ہے کہ تبدیلی کے جھوٹے دعوے کرنے والاعمران خان نیازی جب ایک چھوٹے صوبے میں کچھ نہیں کر سکا تو پھر پورے پاکستان میں کیا کرے گا؟
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات