عجمان: دھوکا دہی کا شکار 26غیر مُلکیوں کو اُن کے آبائی ممالک بھیج دیا گیا

ان افراد کو متحدہ عرب امارات کے ذریعے جنوبی افریقہ بھجوانے کا کہہ کر لایا گیا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 12 جون 2018 17:58

عجمان: دھوکا دہی کا شکار 26غیر مُلکیوں کو اُن کے آبائی ممالک بھیج دیا ..
عجمان (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12جُون 2018ء) عجمان پولیس کے کمیونٹی سروسز ڈیپارٹمنٹ نے دو جعلی فنکاروں کی جانب سے دھوکا دہی کے تحت متحدہ عرب امارات لائے گئے 26 افراد کو اُن کے آبائی وطن بھجوا دیا۔ مذکورہ افراد وِزٹ ویزہ پر متحدہ عرب امارات یہ کہہ کر لائے گئے تھے کہ یہاں سے انہیں جنوبی افریقہ بھیج دیا جائے گا۔ المدینہ پولیس اسٹیشن کے انچارج‘ لیفٹیننٹ کرنل سعید الخلیفہ الکتبی نے بتایا کہ تفتیش سے عجمان پولیس کے سامنے یہ بات آئی کہ 26 افراد پر مشتمل غیر ملکیوں کو دو افراد نے دھوکا دیا ہے۔

ان دھوکے بازوں میں سے ایک کا تعلق پاکستان جبکہ دُوسرے کا تعلق بنگلہ دیش سے ہے۔ ان دھوکے بازوں نے ان 26 افراد کو جنوبی افریقہ بھجوانے کے ساتھ ساتھ وہاں ملازمتیں دلوانے کا وعدہ بھی کیا تھا۔

(جاری ہے)

اور اس مقصد کے تحت اُنہیں وِزٹ ویزہ کے تحت متحدہ عرب امارات لائے تھے کہ یہاں سے انہیں جنوبی افریقہ بھجوا دیا جائے گا۔ جب وہ اماراتی سر زمین پر پہنچے تو دھوکے باز افراد انہیں عجمان چھوڑ کر غائب ہو گئے۔

یہ افراد کئی دِنوں سے کسی پناہ گاہ اور روزگارکے بغیر کسمپرسی کے عالم میں تھے۔ پھر یہ متاثرہ افراد المدینہ پولیس اسٹیشن پہنچے اور پولیس کو اپنی مشکل کے بارے میں بتا کر مدد کی درخواست کی۔ انہوں نے پولیس کو بتایا کہ اُنہیں دھوکا دیا گیا ہے اور اماراتی سرزمین پر اُن کا کوئی ایسا جاننے والا موجود نہیں جو انہیں اس مشکل سے نکال سکے۔ اس دوران پولیس نے ان دھوکے بازوں کا پتا لگا کر اُنہیں گرفتار کر لیا۔

اس دوران مشکلات کا شکار افراد کو پولیس کی جانب سے عارضی رہائش‘ کھانا اور ٹرانسپورٹ کی سہولت مہیا کی گئی ۔ جس کے بعد پولیس کی طرف سے ہی ان کے لیے واپسی کے لیے جہاز کی ٹکٹوں کا بندوبست کیا گیا۔ عجمان پولیس نے بے چارے افراد کو مُلک واپسی کے لیے شارجہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بھی پہنچایا۔