چوہدری نثارکیخلاف شاہد اورکزئی کی درخواست جھوٹ اور بدنیتی پر مبنی

سابق وفاقی وزیر داخلہ سپریم کورٹ حملہ کیس میں ملوث تھے نہ ان کا کبھی کوئی ذکر ہے،سپریم کورٹ حملہ کیس میں ملوث تمام لیگی اپنی نا اہلی کی مدت مکمل کر چکے ہیں

منگل 12 جون 2018 18:03

چوہدری نثارکیخلاف شاہد اورکزئی کی درخواست جھوٹ اور بدنیتی پر مبنی
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے خلاف ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر راولپنڈی کو حلقہ این اے 59سے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی کے خلاف شاہد اورکزئی کی طرف سے دی گئی درخواست جھوٹ اور بدنیتی پر مبنی ہے،چوہدری نثار علی خان سپریم کورٹ حملہ کیس میں ملوث تھے نہ ان کا کبھی کوئی ذکر ہے،سپریم کورٹ حملہ کیس میں ملوث تمام لیگی اپنی نا اہلی کی مدت مکمل کر چکے ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے خلاف ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر راولپنڈی کوحلقہ این اے 59سے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی کے خلاف شاہد اورکزئی کی طرف سے دی گئی درخواست ان کے سیاسی مخالفین کی سازش ہے اور شاہد اورکزئی جو ایک پیشہ ورپٹشنر کے نام سے مشہور ہے سپریم کورٹ آف پاکستان شاہد اورکزئی کی عدالت عظمیٰ میں داخلہ پر پابندی عائد کر چکی ہے کیونکہ مذکورہ شخص ہمیشہ غیر ضروری اور بے بنیاد پٹیشنز دائر کرتارہتا ہے،چوہدری نثار علی خان کے خلاف سپریم کورٹ حملہ کیس میں ان کے ملوث ہونے سے متعلق دائر پٹیشن بھی شاہد اورکزئی کے اسی کاروبار کا حصہ ہیں، حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ سپریم کورٹ حملہ کیس میں مسلم لیگ (ن) کے سابق ارکان اسمبلی میاں منیر، طارق عزیز،سینیٹر چوہدری تنویر،سردار نسیم اور اختر رسول سمیت دیگر رہنماء دس سال کیلئے نا اہل ہو چکے تھے اورمذکورہ تمام افراد اپنی نااہلی کی مدت بھی پوری کر چکے ہیں، سپریم کورٹ حملہ کیس میں چوہدری نثار علی خان کا دور دور تک کہیں کوئی ذکر نہیں ہے۔