پوری زندگی میں شیرکےنشان کیلئے درخواست نہیں دی،چوہدری نثار

آزادحیثیت میں الیکشن لڑنے کیلئے مشاورت کررہا ہوں،آزاد الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا توباضابطہ اعلان کروں گا،پارٹی آئین میں پارٹی قائدیا تاحیاتی کیلئے کوئی عہدہ نہیں ہے۔ نجی ٹی وی کوخصوصی انٹرویو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 12 جون 2018 18:27

پوری زندگی میں شیرکےنشان کیلئے درخواست نہیں دی،چوہدری نثار
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12 جون 2018ء) : پاکستان مسلم لیگ ن کے ناراض سینئرمرکزی رہنماء چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ اپنی پوری زندگی میں شیرکے نشان کیلئے درخواست نہیں دی، آزادحیثیت میں الیکشن لڑنے کیلئے مشاورت کررہا ہوں،آزاد الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا توباضابطہ اعلان کروں گا،پارٹی آئین میں پارٹی قائدیا تاحیاتی کیلئے کوئی عہدہ نہیں ہے۔

انہوں نے نجی ٹی وی کوخصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہاکہ آئین اور قانون کی بات کرنے والوں کوپارٹی آئین کی پاسداری بھی کرنی چاہیے۔پارٹی آئین میں پارٹی قائد کا کوئی عہدہ نہیں ہے۔پارٹی میں صدر کاعہدہ ہویا کوئی اور عہدہ ہو کوئی بھی عہدہ تاحیات نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ میرے ساتھ اور دوستوں نے بھی پارٹی کی ایک ایک اینٹ لگائی۔

(جاری ہے)

آج وہ دوست بھی مسلم لیگ ن کے ساتھ نہیں۔

چوہدری نثار نے کہاکہ پارٹی میں مجھے موجودہ حالات تک پہنچانے کی وجہ ایک ہے۔ مریم نوازصرف نوازشریف کی بیٹی ہیں۔پارٹی کے اندرموروثی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ بات پہلے بھی کہی ہے آج بھی اس بات پرقائم ہوں کہ مجھے علم نہیں مریم اور نوازشریف بطور قائد کیا چاہتے ہیں۔ سابق وزیرداخلہ نے کہا کہ آزادحیثیت میں الیکشن لڑنے کیلئے مشاورت کررہا ہوں۔

آزاد الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا توباضابطہ اعلان کروں گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ میں نے پوری زندگی شیرکے نشان کیلئے درخواست نہیں دی۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حالات کسی کی سازش نہیں اپنی غلطیوں کا نتیجہ ہے۔ اپنی غلطیوں کا بدلہ ریاست سے لینا مناسب نہیں۔سابق وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار نے کہا کہ ڈان لیکس اجلاسوں میں نوازشریف نے ایک لفظ بھی نہیں بولا۔

ڈان لیکس اجلاسوں میں نوازشریف ، میں اور اسحاق ڈار شریک ہوتے تھے۔واضح رہے گزشتہ روز سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ پارٹی نے سیاسی یتیموں کو ٹکٹ دے دیے ہیں۔میں نے منہ کھولا توشریف کہیں منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے۔انہوں نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو مخاطب کرتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ عورت راج کے مخالف نے آج اپنی بیٹی پارٹی پرمسلط کردی۔ تاہم بعد میں چوہدری نثار نے اپنے اس بیان کی تردید کرتے ہوئے کہاکہ میں نے کوئی سیاسی بیان نہیں دیا مجھ سے منسوب بیان غلط ہے۔