صوبائی وزیرداخلہ کو محکمانہ بریفنگ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم نے صوبائی وزیرکو صوبہ کی امن و امان کی صورتحال سے آگاہ کیا

منگل 12 جون 2018 18:39

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2018ء) صوبائی وزیرداخلہ شوکت جاوید کو ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم اعظم سلمان نے سول سیکرٹریٹ میں محکمانہ بریفنگ دی اور انہیں صوبہ کی امن و امان کی صورتحال بارے آگاہ کیا۔ اس موقع پر سپیشل سیکرٹری ہوم، ڈاکٹر شعیب، آئی جی پنجاب اوردیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران بھی موجود تھے۔

شوکت جاوید نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے جس پر کوئی کمپرومائز نہیں ہو گا۔ سیکرٹری ہوم نے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا کہ عید الفطر کی آمد کے پیش نظر ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف تمام اضلاع میں ٹاسک فورسز کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ انہیں بتایا گیا کہ عام انتخابات کے انعقاد کے لئے صوبہ بھر میں کل پولنگ اسٹیشنز کی تعداد47383ہے جن پر سکیورٹی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے کوئیک رسپانس فورس، رینجرز اور آرمی آن کال ہوں گے۔وزیرداخلہ نے کہا کہ عید تک کوئی ٹرانسفر نہیں کی جائے گی اور نہ ہی وسیع پیمانے پر افسران کی اکھاڑ پچھاڑ کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ انتہائی ناگزیرحالات میں ہی محکمہ داخلہ کے کسی افسر کو پالیسی کے تحت تبدیل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی وابستگی کے قطع نظر ان تمام سیاستدانوں کو مکمل سکیورٹی فراہم کی جائے گی جنہیں اس کی ضرورت ہو گی۔ شوکت جاوید نے آئی جی پنجاب کو ہدایت کی کہ وہ جمعتہ الوداع، عیدالفطر اور عام انتخابات کے انعقاد کے پیش نظر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنائیں اور ان انتظامات کے حوالے سے انہیں لمحہ بہ لمحہ باخبر رکھیں۔