ْ الیکشن کا التواء چاہنے والی قوتیں اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہو سکتیں ، میاں افتخار حسین

انتخابات کا مقررہ وقت پر انعقاد ضروری ہے، چند محرکات کی وجہ سے التوا کا خدشہ پیدا ہو گیا تھا نگران حکومت آزادانہ ،شفاف اور غیر جانبدارزنہ الیکشن کے انعقاد پر کڑی نظر رکھے ،حکومت میں آنے کے بعد عوام کو ان کی دہلیز پر سہولیات فراہم کرنے کیلئے ٹھوس پالیسی بنائیں گے ،ْمیڈیا سے بات چیت

منگل 12 جون 2018 18:39

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ الیکشن کا التواء چاہنے والی قوتیں اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہو سکتیں ، الیکشن کمیشن ، نگران حکومت اور آرمی چیف الیکشن وقت پر کرانے کا عندیہ دے چکے ہیں ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے کچہری میں کاغذات نامزدگی کی منظوری کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ، انہوں نے کہا کہ حسب سابق اس بار بھی کاغذات نامزدگی منظور ہو چکے ہیں اور الیکشن کیلئے ہماری تیاریاں زور شور سے جاری ہیں ، انہوں نے کہا کہ انتخابات کا مقررہ وقت پر انعقاد ضروری ہے البتہ گزشتہ دنوں بلوچستان اسمبلی کی قرارداد ، وزیر اعلیٰ پختونخوا کا خط اور کاغذات نامزدگی فارم میں تبدیلی جیسے چند محرکات کی وجہ سے التوا کا خدشہ پیدا ہو گیا تھا ، انہوں نے کہا کہ ملک میں دو قوتیں ہیں ایک وہ جو بروقت الیکشن کے حق میں ہیں جبکہ دوسری انتخابات کا التوا چاہتی ہے ،میاں افتخار حسین نے کہا کہ انتخابات کرانے والی قوتیں کامیاب ہونگی ، ملک میں شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات از حد ضروری ہیں اور یہی جمہوریت کے تسلسل کا ذریعہ ہیں ، قبل ازیں صالح خانہ پی کے 65 میں تنظیمی اجلاس اور سپین خاک میں شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور حکومت میں آنے کے بعد عوام کو ان کی دہلیز پر سہولیات فراہم کرنے کیلئے ٹھوس پالیسی بنائیں گے ،اس موقع پر مختلف سیاسی جماعتوں سے درجنوں افراد نے مختلف سیاسی جماعتوں سے مستعفی ہو کر اے این پی میں شمولیت کا اعلان کیا ، میاں افتخار حسین نے پارٹی میں شامل ہونے والوں کو مبارکباد پیش کی اور انہیں سرخ ٹوپیاں پہنائیں ، انہوں نے کہا کہ عوام نے گزشتہ حکومت کی نام نہاد تبدیلی دیکھ لی ہے اور اب ان کا رجحان اے این پی کی جانب ہے ، انہوں نے کہا کہ اے این پی عوام کے حقوق کی محفاظ جماعت ہے ،انہوں نے کہا کہ حکومت میں آنے کے بعد پر امن ، ترقی پسند اور آزاد معاشرے کے قیام کیلئے جدوجہد کریں گے ،اے این پی جمہوریت کے استحکام ،سیاسی شعور کے فروغ قانون کی بالادستی اور ناصاف تک رسائی پر یقین رکھتی ہے ، میاں افتخار حسین نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے اطلاق کو یقینی بنائیں گے اور خصوصاً معدنیات ، تیل و گیس ، پانی و بجلی اور توانائی کے مختلف ذرائع اور صحت و تعلیم اولیں ترجٰح ہونگے ، انہوں نے کہا کہ آنے والا دور اے این پی کا ہے اور عوام کے تعاون سے اقتدار میں آ کر ترقی کے رکے ہوئے عمل کا دوبارہ آغاز کریں گے، کارکن اپنی تمام تر توانئیاں ایکشن کی تیاری کے سلسلے میں بروئے کار لائیں ،