نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کا غریب اور مستحق مریضوں کے لیے شاندار اعلان

نگران وزیراعلیٰ پنجا ب نے مستحق مریضوں کے علاج معالجہ کیلئے 8کروڑ ر وپے کے فنڈز کے اجراء کی منظوری دیدی

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس منگل 12 جون 2018 18:47

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کا غریب اور مستحق مریضوں کے لیے شاندار اعلان
لاہور(ارو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-12 جون 2018ء ) :نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کا غریب اور مستحق مریضوں کے لیے شاندار اعلان کر دیا۔ نگران وزیراعلیٰ پنجا ب نے مستحق مریضوں کے علاج معالجہ کیلئے 8کروڑ ر وپے کے فنڈز کے اجراء کی منظوری دیدی۔تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ پنجا ب ڈاکٹر حسن عسکری نے مستحق مریضوں کے علاج معالجہ کیلئے 8کروڑ روپے کے فنڈز کے اجراء کی منظوری دے دی۔

اس فنڈز سے کینسر،جگروگردے کی پیوندکاری اوردیگر مہلک امراض میں مبتلا مستحق مریضوں کامفت علاج ہوگا۔نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ دکھی انسانیت کے زخموں پر مرہم رکھنا ایک عبادت ہے ۔جہاں تک ممکن ہوامستحق مریضوں کے علاج کیلئے تعاون کریں گے۔انہوں نے کہا کہجب تک اللہ تعالیٰ نے یہ منصب دیا ہے میں چاہتاہوں کہ دکھی انسانیت کے دکھ بانٹوں اورآئندہ بھی ایسے کام کریں گے جس سے دکھی انسانیت کا بھلا ہو۔

(جاری ہے)

یہ فیصلہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا۔نجاب ڈاکٹرحسن عسکری کی زیرصدارت آج وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں عیدالفطر کے موقع پرشہروں کی صفائی کے انتظامات اور جھولوں کی سیفٹی کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ نگران وزیراعلیٰ ڈاکٹرحسن عسکری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عیدالفطر کے موقع پر شہروں میں صفائی کے بہترین انتظامات یقینی بنائے جائیں۔

صفائی کیلئے مرتب کئے جانے والے ایکشن پلان پر عملدرآمد نظر آنا چاہیئے۔ اچھی انتظامیہ وہ ہوتی ہے جو وقت سے پہلے پیش بندی کرکے اقدامات کرے۔ عوام پریزنٹیشن سے نہیں بلکہ متعلقہ اداروں اور محکموں کی کارکردگی کا اندازہ عملی اقدامات سے لگائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے اور عید کے موقع پر صاف ستھرا ماحول شہریوں کی خوشیوں کو دوبالا کرے گا۔

متعلقہ اداروں کو شہروں کو صاف ستھرا بنانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہے۔ صفائی کے بہترین انتظامات سے شہریوں کو سہولت ملے گی اور شہریوں کو بھی ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے اپنی ذمہ داری کا احساس کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے شہروں کی صفائی کیلئے متعلقہ اداروں کو پوری طرح متحرک ہونا چاہیئے۔ نگران وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پارکوں اور دیگر تفریحی مقامات پر لگے جھولوں کی سیفٹی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔

ماضی میں جھولے گرنے کے بعض ناخوشگوار واقعات پیش آئے۔ ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کیلئے پیش بندی کی جائے اور متعلقہ محکمے اور انتظامیہ جھولوں کی سیفٹی پر خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ جھولوں کی اجازت دینے سے پہلے وضع کردہ سیفٹی پلان پر عملدرآمد یقینی بنائے اور انتظامیہ کو جاری کی جانے والی ہدایات پر من و عن عمل کیا جائے۔ سیکرٹری بلدیات و شہری ترقی نے عید کے موقع پر صفائی کے انتظامات اور جھولوں کی سیفٹی کیلئے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ نگران وزیر بلدیات و شہری ترقی ظفر محمود، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری بلدیات و شہری ترقی، سیکرٹری نگران وزیراعلیٰ اور جنرل مینجر آپریشن لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے اجلاس میں شرکت کی۔