قبائلی عمائدین پر مشتمل جرگے اورپی ٹی ایم کے مابین مذاکرات کامیاب ہو گئے

عیدکےتیسرےدن رزمک میں ہونے والا پی ٹی ایم کاجلسہ منسوخ کر دیا گیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس منگل 12 جون 2018 19:06

قبائلی عمائدین پر مشتمل جرگے اورپی ٹی ایم کے مابین مذاکرات کامیاب ہو ..
پشاور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار -12 جون 2018ء ) :قبائلی عمائدین پر مشتمل جرگے اورپی ٹی ایم کےمذاکرات کامیاب ہو گئے۔عیدکےتیسرےدن رزمک میں ہونے والا پی ٹی ایم کاجلسہ منسوخ کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق قبائلی عمائدین پر مشتمل جرگے اور پشتون تحفظ موومنٹ کے مابین مذاکرات میں بڑی پیش رفت سامنے آ گئی ہے۔مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد عیدکےتیسرےدن رزمک میں ہونے والا پی ٹی ایم کاجلسہ منسوخ کر دیا گیا۔

مذاکرات میں اس بات پر بھی اتفاق پایا گیا ہے کہ سوشل میڈیا اور تقاریر میں ریاست کے خلاف پروپیگنڈا نہیں ہوگا۔مزید یہ کہ علاقائی مسائل کوحل کرنےکےلیے22جون کودوبارہ جرگہ ہوگا۔یا درہے کہ کچھ روز قبل پاکستان کے قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں پشتون تحفظ موومنٹ کے اراکین پر مسلح افراد کی فائرنگ سے کم سے کم دو کارکن ہلاک ہوئے تھے اور متعدد کارکن زخمی بھی ہوئے ۔

(جاری ہے)

جس کے بعد علاقے میں حالات کشیدہ ہو گئے اور علاقے میں کرفیو نافذ کر دیا گیا تھا۔جس کے بعد صورتحال پر بات چیت کرنے کے لیے مقامی قبائلی عمائدین پر مشتمل جرگہ بھی بلایا گیا۔کچھ روز قبل بھی پی ٹی ایم کے رہنما محسن داوڑ کے شمالی وزیرستان میں داخلے پر سیاسی انتظامیہ نے 3 ماہ کی پابندی عائد کردی گئی تھی۔ مقامی پولیٹیکل ایجنٹ نے نوٹیفیکیشن جاری کرتے ہوئے کہا کہ محسن داوڑ امن کے لیے قانون سے بالاتر کام کر رہے ہیں اور اپنی تقریروں کے ذریعے عوام میں ریاست مخالف جذبات پیدا کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ محسن داوڑ کے اس کام سے عوامی نظم و ضبط کو نقصان پہنچ سکتا ہے جس کی وجہ سے سیاسی انتظامیہ کے لیے لا اینڈ آرڈر کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ یہ انتہائی ضروری ہے کہ ایسے شخص کو امن کو نقصان پہنچانے سے روکا جائے۔ان سب معاملات کے ساتھ مذاکرات بھی چلتے رہے جن میں آج بڑی پیش رفت سامھے آئی ہے۔