Live Updates

جرگے اورپختون تحفظ موومنٹ میں مذاکرات کامیاب ، پی ٹی ایم نے رزمک میں شیڈول جلسہ منسوخ کر دیا

پی ٹی ایم کی جانب سے ریاست کے خلاف سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا، پاک افواج کے خلاف نعرے بازی اور تقریریں نہیں کی جائینگی ،22جون کو پی ٹی ایم اور جرگے کے درمیان دوبارہ مذاکرات ہوں گے

منگل 12 جون 2018 19:42

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 جون2018ء) پختون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم ) اور جرگے میں مذاکرات کامیاب ہو گئے جس کے بعد پی ٹی ایم نے عید کے تیسرے روز رزمک میں شیڈول جلسہ منسوخ کر دیا جبکہ پی ٹی ایم کی جانب سے ریاست کے خلاف سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا، پاک افواج کے خلاف نعرے بازی اور تقریریں نہیں کی جائینگی ،22جون کو پی ٹی ایم اور جرگے کے درمیان دوبارہ مذاکرات ہوں گے ۔

ذرائع کے مطابق منگل کو جرگے عمائدین اور پی ٹی ایم کے نمائندوں کے درمیان مذاکرات سابق رکن قومی اسمبلی شاہ جی گل آفریدی کے حیات آبادمیں موجود گھر میں ہوئے جس میں جرگے کی جانب سے ملک خان مرجان ، اجمل وزیر ، سابق صوبائی وزیر شاہ فرمان اور پی ٹی ایم کی جانب سے محسن داور شریک ہوئے جبکہ علی وزیر ڈی آئی خان میں ہونے کی وجہ سے ٹیلی فون پر مذاکرات میں شریک ہوئے ۔

(جاری ہے)

مذاکرات کے بعد جرگے کی جانب سے اجمل وزیر ،تحریک انصاف کے رہنما شاہ فرمان ،پی ٹی ایم کے محسن داور اور دیگر عمائدین نے مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ (پی ٹی ایم ) اور جرگے میں مذاکرات خوشگوار ماحول میں ہوئے جس میں دونوں فریقین کا مؤقف سنا گیا ،مذاکرات نتیجہ خیز ثابت ہوئے ہیں ،مذاکرات کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ پی ٹی ایم نے عید کے تیسرے روز رزمک میں شیڈول جلسہ منسوخ کر دیا ہے جبکہ ریاست کے خلاف سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا، پاک افواج کے خلاف نعرے بازی اور تقریریں نہیں کی جائینگی ،22جون کو پی ٹی ایم اور جرگے کے درمیان دوبارہ مذاکرات ہوں گے ۔

واضح رہے کہ پی ٹی ایم کے منظور پشتین اور محسن داور کی 8فروری کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈی جی میجر جنرل آصف غفور باجوہ سے ملاقات ہوئی تھی جس میں منظور پشتین کے مطالبات کو سنا گیا اور شمالی و جنوبی وزیرستان کے جی او سیز کے ساتھ بھی ملاقات کروائی گئی تھی۔ملاقات کے بعد وطن کارڈز ،چیک پوسٹس،مائن کلیئرنس و دیگر مسائل کو فوری طور پر حل کیا گیا تھا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات