چیلنج کپ ہاکی ٹورنامنٹ پشاور لائنز کی ٹیم نے جیت لیا

منگل 12 جون 2018 19:43

چیلنج کپ ہاکی ٹورنامنٹ پشاور لائنز کی ٹیم نے جیت لیا
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 جون2018ء) ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام پشاور کے لالہ ایوب ہاکی سٹیڈیم میں جاری چیلنج کپ ہاکی ٹورنامنٹ پشاور لائنز کی ٹیم نے جیت لیا گزشتہ روز ٹورنامنٹ کا فائنل پشاور لائنز اور گرین کی ٹیموں کے درمیان منعقد ہوا اس موقع پر ڈی جی سپورٹس جنید خان مہمان خصوصی تھے ان کے ہمراہ صوبائی ہاکی ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد سعید خان ‘صدر سید ظاہر شاہ ‘سیکرٹری جنرل حاجی ہدایت اللہ خان ‘ایڈمن آفیسر سید جعفر شاہ ‘انٹرنیشنل کوچز یاسر اسلام ‘سید ضیاء الرحمان بنوری سمیت دیگر شخصیات موجود تھیں فائنل انتہائی سنسنی خیز ہوا جس میں پہلے دو منٹ میں دونوں ٹیموں نے ایک ایک گول کیا ‘پہلے ہاف کے ختم ہونے پر پشاور لائنز کو 2-1 گول سے برتری حاصل تھی‘اختتامی لمحات میں پشاور گرین کے کپتان ہارون الرشید نے گول کرکے میچ دو دو گول سے برابر کر دیا جس کے بعد دونوں ٹیموں کو پانچ پانچ پنلٹی سٹروکس ملے جس پر دونوں ٹیموں نے تین تین گول کئے اور میچ برابر رہا اس کے بعد سڈن ڈیتھ پنلٹی سٹروکس پر پشاور لائنز نے پشاور گرین کو پانچ کے مقابلے میں چھ گول سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کی ٹورنامنٹ ایک ہفتے تک جاری رہا جس میں دس ٹیموں میں 150 سے زائدکھلاڑیوں نے بھرپور شرکت کی ‘اس سے قبل پہلے سیمی فائنل میں پشاور لائنز نے پشاور بلیو کو ایک کے مقابلے تین گول سے شکست دی جس میں ہارون، امجد اور فواد نے ایک ایک گول کیاجبکہ پشاور بلیوکی طرف سے ضیاء الرحمان نے گول کیا۔

(جاری ہے)

دوسرے سیمی فائنل میں پشاور گرین نے پشاور ٹائیگرز کو دو کے مقابلے تین گول سے ہراکر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا ،پہلے ہاف میں دو نوں ٹیمیں دو دو گول سے برابر رہیں ‘کھیل کے آخری لمحات میں پشاور گرین کی طرف سے شان نے گول کرکے میچ میں تین دو سے کامیابی حاصل کی تھی فائنل کے اختتام پر ڈی جی سپورٹس جنید خان نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ڈی جی سپورٹس نے ٹورنامنٹ میں شرکت کرنیوالے ہر کھلاڑی کو نقد انعامات بھی دئیے اس موقع پر انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ تمام کھیلوں کے ساتھ ہاکی کے فروغ و ترقی کے لئے بھی بھرپور اقدامات اٹھائے جارہے ہیں پشاور کے لالہ ایوب ہاکی سٹیڈیم سمیت صوبہ بھر کے سٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن اور ٹرف بچھانے کے لئے بجٹ مختص کئے گئے ہیں اس کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں کٹس ‘ہاکیاں اور دیگر سامان بھی فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہیں جس سے ہاکی صوبے میں ترقی کررہی ہے صوبائی ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر سید ظاہر شاہ نے اپنے خطاب میں ڈی جی سپورٹس جنید خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کاوشوں سے کھلاڑیوں کو زیادہ مواقع اور سہولتیں مل رہی ہیں جس کے مثبت نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں اور ہمارے کھلاڑی مستقبل میں نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کانام روشن کریں گے۔