کوہاٹ استرزئی کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن ، پولیس نے 36 افراد کو گرفتار کرلیا

منگل 12 جون 2018 19:43

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 جون2018ء) کوہاٹ استرزئی کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 36مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے،رات بھر جاری طویل سرچ آپریشن کی کاروائی میں زیر حراست افراد کے قبضے سے ہتھیاروں اور منشیات کی بھاری کھیپ برآمد کرلی گئی ہے۔سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کی کاروائی حساس اطلاعات پرمقامی آبادی کے علاوہ دشوار گزار پہاڑی سلسلوں میں بھی عمل میں لائی گئی۔

ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت کی خصوصی ہدایت کی روشنی میں عید الفطر کے موقع پر امن وامان کی مجموعی صورتحال یقینی بنانے کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت ضلع بھر میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کی کاروائیوں میں مزید تیزی لائی گئی ہے۔کاروائیوں کے اس تسلسل میں حساس اطلاعات کی بنیاد پر پولیس اور ایلیٹ فورس کے مسلح دستوں نے ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر صنوبر خان اور ایس ایچ او استرزئی قسمت خان کی قیادت میں تھانے کی مقامی حدود کے مختلف علاقوں استرزئی پایاں ،استرزئی بالا،چکر کوٹ بالا،شیر کوٹ،مٹھا خان اور بوسی تنگ کی آبادی کے علاوہ مرئی اور کچئی سے ملحقہ دشوار گزار پہاڑی سلسلے میں اچانک سرچ آپریشن کا انعقاد کیا ۔

(جاری ہے)

رات بھر جاری سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کی کاروائی میں پولیس نے مختلف مقامات سے 36مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر انکے قبضے سے مجموعی طور پر دو کلاشنکوف،تین بندوق،دو رائفل،دس پستول،بیس چارجرز،مختلف بور کے سینکڑوں کارتوس اور تین کلو گرام چرس برآمد کر لی ہیں ۔سوموار اور منگل کی درمیانی شب سے علی الصبح تک جاری طویل سرچ آپریشن کی کاروائی میں ٹارگٹڈ گھروں اور جرائم پیشہ افراد کے ممکنہ ٹھکانوں پر چھاپے مارے گئے اور ان مقامات کی تفصیلی تلاشی لی گئی۔

آپریشن کی کاروائی میں بم ڈسپوزل سکواڈ،کھوجی کتوں کی ٹیم ،خواتین پولیس اور حساس اداروں کے اہلکاروں نے حصہ لیا جبکہ آپریشن کی کاروائی کے دوران علاقے کی طرف آنے جانے والے راستوں کی ناکہ بندی کرکے چیکنگ کا سلسلہ بھی جاری رہا اور پولیس کی کوئیک رسپانس ٹیموں کو بھی اس موقع پر سٹینڈ بائی رکھا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :