Live Updates

میاں محمودالرشید کے بھائی سے ڈاکو25 لاکھ لوٹ کرفرار

ڈاکوؤں نےدبئی چوک میں گاڑی روک کرگن پوائنٹ لوٹ لیا،پولیس بھی موقعہ پرپہنچ گئی،اندراج مقدمہ کیلئے درخواست دائرکردی ہے۔سابق اپوزیشن لیڈرکے بھائی میاں ضیاء

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 12 جون 2018 19:12

میاں محمودالرشید کے بھائی سے ڈاکو25 لاکھ لوٹ کرفرار
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12 جون 2018ء) : تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور سابق اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید کے بھائی سے گن پوائنٹ پر25 لاکھ روپے لوٹ لئے گئے، پولیس نے موقعہ پر پہنچ کر جائے وقوعہ کا معائنہ کیا ، اندراج مقدمہ کیلئے درخواست بھی دائر کردی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء میاں محمودالرشید کے بھائی میاں ضیاء علامہ اقبال ٹاؤن میں واقع فیصل بینک سے25 لاکھ روپے لیکر نکلے اور قریب ہی واقع اپنے دفتردبئی چوک پہنچے تو موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے گن پوائنٹ پر روک لیا اور25 لاکھ روپے کا کیش اور گاڑی کی چابیاں لیکر فرار ہو گئے۔

بعد ازاں پولیس نے موقعہ پر پہنچ کر جائے وقوعہ کا معائنہ کیا ، اندراج مقدمہ کیلئے درخواست دائر کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

واقعے پرسابق اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید نے کہا کہ مسلم ٹاؤن اور علامہ اقبال ٹاؤن میں ڈاکو راج ہے ۔پولیس بے بس اور شہری لٹنے پر مجبور ہیں، کئی بار پولیس کے اعلیٰ افسروں کو شکایات درج کرائی گئیں لیکن جرائم پر قابو نہیں پایا جا سکا، انہی وارداتوں کے سدباب کیلئے کروڑوں روپے لگا کر ڈولفن فورس بنائی گئی لیکن جرائم میں کمی کی بجائے اضافہ ہو گیا۔

دوسری جانب آج صوبائی وزیرداخلہ شوکت جاوید کو ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم اعظم سلمان نے سول سیکرٹریٹ میں محکمانہ بریفنگ دی اور انہیں صوبہ کی امن و امان کی صورتحال بارے آگاہ کیا۔ اس موقع پر سپیشل سیکرٹری ہوم، ڈاکٹر شعیب، آئی جی پنجاب اوردیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران بھی موجود تھے۔ شوکت جاوید نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے جس پر کوئی کمپرومائز نہیں ہو گا۔

سیکرٹری ہوم نے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا کہ عید الفطر کی آمد کے پیش نظر ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف تمام اضلاع میں ٹاسک فورسز کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ انہیں بتایا گیا کہ عام انتخابات کے انعقاد کے لئے صوبہ بھر میں کل پولنگ اسٹیشنز کی تعداد47383 ہے جن پر سکیورٹی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے کوئیک رسپانس فورس، رینجرز اور آرمی آن کال ہوں گے۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ عید تک کوئی ٹرانسفر نہیں کی جائے گی اور نہ ہی وسیع پیمانے پر افسران کی اکھاڑ پچھاڑ کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ انتہائی ناگزیرحالات میں ہی محکمہ داخلہ کے کسی افسر کو پالیسی کے تحت تبدیل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی وابستگی کے قطع نظر ان تمام سیاستدانوں کو مکمل سکیورٹی فراہم کی جائے گی جنہیں اس کی ضرورت ہو گی۔ شوکت جاوید نے آئی جی پنجاب کو ہدایت کی کہ وہ جمعتہ الوداع، عیدالفطر اور عام انتخابات کے انعقاد کے پیش نظر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنائیں اور ان انتظامات کے حوالے سے انہیں لمحہ بہ لمحہ باخبر رکھیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات